کراچی کے اصل مسائل بلدیاتی ہیں، عالمگیر خان


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عالمگیر خان نے کہا ہے کہ کراچی کے لوگ بہت اچھے ہیں لیکن شہر کے حالات بہت زیادہ خراب ہیں۔ کراچی کے اصل مسائل بلدیاتی ہیں۔

ہم نیوز کے مارننگ شو “صبح سے آگے” میں میزبان شفا یوسفزئی اور اویس منگل والا کو گرین لائن منصوبے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ گزشتہ حکومت کی جانب سے شروع کیا گیا تھا، اس پر کام کیا جا رہے لیکن منصوبے کی  تکمیل کے حوالے سے ابھی کچھ بتایا نہیں جا سکتا۔

رہنما تحریک انصاف نے بتایا کہ علی زیدی نے کراچی میں صفائی کی جو مہم شروع کی تھی وہ ان کی ذمہ داریوں کا حصہ نہیں تھی، انہوں نے شہر میں صفائی کا اضافی چارج لیا تھا۔

کراچی پارکس کی بحالی کے لیے سلیبرٹی میدان میں

پروگرام میں موجود پاکستان کی معروف میزبان اور اداکارہ ڈاکٹر شائستہ لودھی نے کہا ہے کہ ہم نے کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا صرف ایک دوسرے پر الزام لگائے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر کراچی کے پارکس کی حالت درست کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے۔ اب ہم بیٹھ کر انتظار نہیں کر سکتے کہ کوئی دوسرا آ کر ہمارے مسائل حل کرے، ہمیں انہیں خود مل کر حل کرنا ہو گا۔

اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے ایک پارک کی ویڈیو دیکھی جہاں میں ماضی میں اپنے بیٹے کے ساتھ جایا کرتی تھی، اس پارک کی حالت دیکھ کر بہت دکھ ہوا۔ اسی لیے میں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کرکراچی کے پارکس کی بحالی کی مہم چلائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی مہم چلانے کا عوام پر بہت زیادہ اثر ہوتا ہے اور اسی طرح سے ہم اپنے معاشرے میں بہتری لا سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں