پاک افغان سرحد پر دھماکہ، فوجی افسر اور جوان شہید


پاک افغان سرحد پر بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں پاک فوج کا افسر اورجوان شہید ہو گئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ باردوی سرنگ کا دھماکہ قبائلی  ضلع مہمند میں ہوا ہے۔

بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں میجر عدیل شاہد اورسپاہی فراز حسین نے جام شہادت نوش کیا۔

واضح رہے کہ 14ستمبر کو بھی  پاک افغان سرحد پر دہشتگردی کے  2 مختلف واقعات میں پاک فوج کے 4 جوان شہید جبکہ 2 دہشتگرد ہلاک  ہوگئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کے واقعات  شمالی وزیرستان اور دیر میں پیش آئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردی کا پہلا واقعہ اس وقت پیش آیا جب شمالی وزیرستان میں معمول کی گشت پر مامور فوجی دستے پردہشتگردوں  نے فائرنگ کی ۔

پاک فوج کے جوانوں پر فائرنگ سپن وام کے قریب ابا خیل کے علاقے میں گزشتہ رات کی گئی جس کے نتیجے میں  23 سالہ سپاہی اخترحسین جام شہادت نوش کر گیا۔ سپاہی اختر حسین کا تعلق بلتستان سے تھا۔  پاکستانی فورسز کی  طرف سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد  بھی ہلاک ہوئے۔

دہشتگردی کا دوسرا واقعہ اس وقت پیش آیا جب  دیر میں سرحد پرباڑ لگانے میں مصروف فوجی جوانوں پرسرحد پار سے دہشتگردوں کی طرف سے فائرنگ کی گئی جسکے نتیجے میں 3 فوجی جوان شہید اورایک زخمی ہوگیا۔

دیر میں پیش آنے والے واقعے میں  شہید ہونے والے لانس نائیک امین آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے تھا اور اس کی  عمر28 سال تھی۔ اسی واقعے میں شہید لانس نائیک محمد شعیب کی عمر31 سال اور اسکا تعلق مانسہرہ سے تھا۔ نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے 22 سال کے سپاہی کاشف علی بھی دیر کے واقعے میں  شہید ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے: پاک افغان سرحد پر دہشتگردی، پاک فوج کے 4 جوان شہید


متعلقہ خبریں