لاجواب سروس! پی آئی اے کے 46 طیارے مسافروں کے بغیر ہی پرواز بھرتے رہے

یو اے ای نے پاکستان سمیت 4 ممالک سے آنے والی پروازوں پر پابندی لگادی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی لاجواب سروس کے باکمال لوگوں نے بغیر مسافروں کے ہی 46 طیارے اڑا دیے۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق ایک سال کے دوران پی آئی اے کی 46 پروازیں بغیر مسافروں کے ہی آپریٹ کی گئیں جس سے قومی خزانے کو  18 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ  2016-17 کے دوران اسلام آباد ایئرپورٹ کی کمرشل پروازوں کے علاوہ حج اور عمرہ کی  36 پروازوں نے بھی بغیر کسی مسافر کے اڑان بھری۔

آڈٹ رپورٹ میں لاپرواہی کا ذمہ دارپی آئی اے انتظامیہ کوٹھہرایا گیا ہے تاہم اکتوبر  2018 میں انتظامیہ کو معاملے سے آگاہ بھی کیا گیا لیکن تاحال اس معاملے کی تحقیقات نہیں کی جاسکیں۔

اس ضمن میں ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ جہاز مرمت کےلیے بھجوائے گئے تھے۔ نئی انتظامیہ نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر بھی جہازوں کی مرمت کا کام شروع کردیا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل  قومی ایئر لائن کی غیر ملکی پرواز کے اڑان بھرتے ہی طیارے کے انجن میں آگ لگ گئی تھی۔

قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی جدہ جانے والی پرواز پی کے 759 حادثے سے اس وقت  بال بال بچی جب  طیارے کے اڑان بھرتے ہی شارٹ سرکٹ کے باعث انجن میں آگ لگ گئی تاہم پائلٹ نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پرواز کو بحفاظت لاہور ایئرپورٹ پر اتار لیا۔

متاثرہ طیارے میں 200 مسافر سوار تھے۔ طیارے کو گراؤنڈ کر کے قومی ائر لائن کے انجینئرز نے مرمت کا کام شروع کر دیا۔

طیارے کے رن وے پر اترتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ کو بجھا دیا۔ پی آئی اے انتطامیہ کے مطابق طیارے کو حادثہ تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔

حادثے کے 3 گھنٹے بعد مسافروں کو متبادل طیارے کے ذریعے جدہ روانہ کر دیا گیا تھا۔

اس حادثے کے بعد شہریوں نے مطالبہ کیا تھا کہ حکومت پی آئی اے کے طیاروں کی خستہ حالی کا نوٹس لے تاکہ کسی بھی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔


متعلقہ خبریں