بھارت کو اسرائیلی بموں کی پہلی کھیپ مل گئی

بھارت کو اسرائیلی بموں کی پہلی کھیپ مل گئی

فائل فوٹو


نئی دہلی: عمارت کو بطور خاص تباہ کرنے کی صلاحیت کے حامل اسرائیل کے تیار کردہ اسپائس 2000 بموں کی پہلی کھیپ بھارت پہنچ گئی ہے۔

بھارت کے مؤقر اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق بھارت میں بموں کی کھیپ کو گوالیار ایئر بیس پہ وصول کیا گیا ہے جس کو ایئر فورس میں شامل میراج طیاروں کا مرکز کہا جاتا ہے۔

اسرائیل کے تیار کردہ اسپائس 2000 بموں کو تیکنیکی اعتبار سے فائر کرنے کی صلاحیت صرف میراج طیاروں میں ہے اس لیے وصول ہونے والے بموں کی پہلی کھیپ وہیں رکھی گئی ہے۔

بھارت کی ایئرفورس نے اسرائیل کے ساتھ 250 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے مارک 84 قسم کے بموں کی خریداری کا معاہدہ کیا تھا۔

ان بموں کی خاص بات عمارت کو مکمل طور پر تباہ کرنے کی صلاحیت کا حامل ہونا ہے۔

جون 2019 میں بھارت کی ایئرفورس نے بم تیار کرنے والی کمپنی کے ساتھ ایک خاص معاہدہ بھی کیا تھا جس کے تحت کمپنی فوری طور پر بھارت کو100 بم فراہم کرنے کی پابند تھی۔

بھارت کی جانب سے یہ دعویٰ بھی سامنے آیا تھا کہ جب اس کے طیاروں نے پاکستان پر نام نہاد کارروائی کی تھی تو اس میں بھارتی ایئرفورس نے انہی بموں کا استعمال کیا تھا۔

دلچسپ امر ہے کہ بھارتی ایئرفورس کی جانب سے جس پاکستانی علاقے میں ایئر اسٹرائیک کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا اور سینکڑوں افراد کو نشانہ
بنانے کا پراپیگنڈہ ہوا تھامگر وہاں سے صرف ایک کوے کی لاش کے علاوہ کچھ بھی نہیں ملا تھا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ تناؤ کی کیفیت کے دوران امریکہ نے بھی بھارت کو آٹھ جدید ترین لڑاکا اپاچی ہیلی کاپٹر فراہم کیے ہیں۔ یہ ہیلی کاپٹرز ستمبر میں فراہم کیے گئے ہیں جب کہ باقی 14 ہیلی کاپٹرز مارچ 2020 تک فراہم کیے جائیں گے۔

بھارت نے امریکہ سے ملنے والے ہیلی کاپٹرز کو فوری طور پر اپنی فضائیہ کے سپرد کردیا ہے۔ بھارت اور امریکہ کے درمیان اپاچی ہیلی کاپٹرز کی خریداری کا معاہدہ 2015 میں طے پایا تھا۔


متعلقہ خبریں