سام سنگ کمپنی نے دو نئے ایس 9 اسمارٹ فونز متعارف کروا دیے


بارسلونا: سپین میں ہونے والی موبائل ورلڈ کانگرس 2018 میں سام سنگ کمپنی نے جدید ترین گلیکسی ایس 9 اور ایس 9 پلس اسمارٹ فونز متعارف کروادیے۔

گزشتہ ماہ امریکی شہر لاس ویگاس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران جنوبی کوریا کی مایہ ناز کمپنی سام سنگ موبائل نے نئے فونز متعارف کروانے کا اعلان کیا تھا۔

سام سنگ ایس 9 فونز کی نمایاں خصوصیات میں 12 میگا پکسلز بیک کیمرا اور 8 میگا پکسلزفرنٹ کیمرا ہے۔  سام سنگ کے نئے ایس 9 فون کی اسکرین 5.9 اور ایس 9 پلس کی اسکرین 6.2 انچ ہوگی۔

ایس 9 ماڈلز میں صارفین کے پاس 480 فریم فی سیکنڈ کی سلوموشن ویڈیوز ریکارڈ کرنے کا بھی اختیار ہوگا۔

سام سنگ اے آر ایموجی کو حریف کمپنی ایپل کے اینی ایموجیز کے مقابلے میں لایا گیا ہے جو فونز کا حصہ ہوں گے۔ ایپل آئی فون ایکس کے اینی موجی میں صارف اپنے چہرے کی تصویر سے اینیمیٹڈ کریکٹر بنا سکتا تھا۔

لیکن سام سنگ صارفین اپنا ذاتی مکمل ایموجی کیریکٹر بنا سکیں گے۔

سام سنگ کا اب تک کا سب سے زیادہ فروخت ہونے والا فون ایس 7 ہے جو 2016 میں متعارف کروایا گیا تھا۔ ایس 7 کے بعد ایس 6 اور ایس 5 کمپنی کے سب سے زیادہ فروخت ہونے والے فون رہے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اسمارٹ فونز کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث اب صارف فون بدلنے میں زیادہ وقت لیتے ہیں۔ تاہم 2017 میں مارکیٹ کے رجحان کے برعکس سام سنگ کی فروخت پچھلے برس کے مقابلے میں دو فیصد زیادہ رہی۔

سام سنگ کے نئے فونز میں بکسبی کا مزید بہتر ورژن ملے گا۔

بکسبی کو پہلی دفعہ ایس 8 فونز میں متعارف کروایا گیا تھا جو سامسنگ کمپنی کا ڈیجیٹل ٹول ہے۔ بکسبی ایک ایسا ٹول ہے جس سے صارف ضرورت کے وقت آواز سے، لکھ کر یا تصویر بنا کرمدد مانگ سکتا ہے۔

سام سنگ کمپنی نے نئے فونز کے زریعے ڈیکس کا بھی نیا ورژن متعارف کروایا ہے۔

ڈیکس کے استعمال سے صارف اپنے اسمارٹ فون کو بڑی اسکرین کے ساتھ جوڑ کر موبائل کو مکمل کمپیوٹر کی طرح دیکھ اور استعمال کر سکتا ہے۔ اس فیچر سے جدید موبائل اور پرانے کمپیوٹر کے درمیان فرق بالکل ختم ہوجائے گا۔

نئے فون کی قیمت ممکنہ طور پر ایک ہزار ڈالر سے شروع ہوگی، جو گلیکسی نوٹ 8 سے بھی مہنگا اسمارٹ فون ثابت ہوگا۔

سام سنگ کمپنی کا کہنا ہے کہ دونوں فونز 16 مارچ سے دنیا بھر کے صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے۔


متعلقہ خبریں