نیب کا بلاوا، پی ٹی آئی رہنما خود پیش ہونے کے بجائے ملازم بھیجیں گے؟


لاہور: تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان کو قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے آج طلب کررکھا ہے۔ ان کے خلاف آفشورکمپنی ہیکسم کی تحقیقات جاری ہیں۔

عبدالعلیم خان کی جانب سے سامنے آنے والے ابتدائی ردعمل سے محسوس ہوتا ہے کہ وہ نیب کے سامنے خود پیش نہیں ہوں گے، بلکہ اپنے ملازمین میں سے کسی کو بھیجیں گے۔

عبدالعلیم خان نے نیب کے بلاوے پر اپنے دفاع کا فیصلہ کرتے ہوئے اکاؤٹنٹ کو متعلقہ دستاویز سمیت پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ قانون کی بالادستی پر مکمل یقین رکھتا ہوں۔ ادارے جب بلائیں گے پیش ہوں گا۔ محنت سے کمائی گئی ایک ایک پائی کا مکمل حساب دینے کی سکت اور حوصلہ رکھتا ہوں۔

اس سے قبل تحریک انصاف کے رہنما 29 جنوری کو بھی اپنے وکلا کے ہمراہ نیب میں پیش ہوئے تھے تاہم نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے انہیں آج دوبارہ طلب کررکھا ہے۔

قومی احتساب بیورو نے کیس سے متعلق سکیورٹی اینڈ ایکسچنیج کمیشن (ایس ای سی پی)، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اوراسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے علاوہ 12 جنوری کوڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لاہورڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کو بھی مراسلہ لکھا تھا۔

عبدالعلیم خان کے خلاف انکوائری میں ڈی جی ایل ڈی اے، سابق ڈی جی، میٹرو پولیٹن آفیسرز اور پٹواری کو پندرہ جنوری کو طلبی کے نوٹسز بھجوائے گئےتھے۔


متعلقہ خبریں