وزیراعظم کی امریکہ سے واپسی کے بعد پنجاب کابینہ میں ردوبدل کا امکان

فوٹو: فائل


لاہور: پنجاب کابینہ میں کون رہے گا اور کس کا محکمہ تبدیل کیا جائے گا اس حوالے سے حکومت کے دو بڑوں کی اہم بیٹھک آئندہ چند روز میں اسلام آباد میں ہوگی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی وطن واپسی پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ملاقات ہونے کا امکان ہے جس میں وزیراعلی پنجاب وزیراعظم کوغیر تسلی بخش وزراء کی کارکردگی رپورٹ پیش کریں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ غیر تسلی بخش کارکردگی کے حامل وزراء کی وزارتیں فوری تبدیل کئے جانے کا امکان ہے، کچھ وزراء سے وزارتوں کے قلمدان واپس لیے جانے اور کچھ کی تبدیل کرنے کا امکان ہے۔

ملاقات میں پنجاب کابینہ کے کچھ ارکان کے مبینہ کرپشن میں ملوث ہونے کی انکوائری شروع ہونے کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔

یاد رہے کچھ عرصہ قبل پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے صوبائی وزراء سے ملاقاتیں کی تھیں۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ جہانگیر ترین سے وزیرِاعلیٰ پنجاب کے مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ اور سید رفاقت علی گیلانی نے ملاقات کی ہے۔

اس کے علاوہ جہانگیر ترین نے صوبائی وزیر برائے کوآپریٹوز مہر مُحمد اسلم بھروانہ اور صوبائی وزیر برائے انسانی وسائل اور مزدور طبقہ انصر مجید نیازی سے بھی ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں پنجاب حکومت کی سالانہ کارکردگی اور انتظامی امور زیر بحث آئے۔

پنجاب کابینہ میں ردو بدل اور موجودہ سیاسی صورتحال پر  بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل خبر آئی تھی کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان احمد خان بزدار نے سیاسی ہلچل کے بعد انتظامی عہدوں پر بھی بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کی بیوروکریسی میں بھی بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی منظوری عثمان بزدار نے دے دی ہے۔

وزیراعلی پنجاب نے عمرے پر روانگی سے قبل سمریوں پر دستخط کر دئیے ہیں جس کے تحت پنجاب کے متعدد اضلاع کے ڈی سی اوز تبدیل کر دئیے جائیں گے۔

پنجاب کے متعدد اضلاع کے ڈی پی اوز کو بھی منتقل کیا جائے گا جبکہ مختلف محکموں کے سیکرٹریز بھی تبادلے کی زد میں آئیں گے۔

 


متعلقہ خبریں