وزیراعظم کے دورہ امریکہ کی مصروفیات کی تفصیل سامنے آ گئی

پاکستان کشمیری عوام کےکندھےسےکندھاملاکرکھڑا رہےگا، وزیراعظم

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزارت خارجہ حکام نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کے دوران ان کی مصروفیات کو حتمی شکل دے دی ہے۔

سفارت ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ امریکہ 21 سے 28 ستمبر تک جاری رہے گا جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران وہ 15 سے زائد سربراہان مملکت سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان، ترکی اور ملائشیا کے سہ فریقی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ 24 ستمبر کو وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے دوران پاکستانی کمیونٹی سے بھی خطاب کا امکان ہے۔ 24 ستمبر کو عمران خان امریکی صدر کی جانب سے دئیے جانے والے عشائیے میں شرکت کریں گے جہاں دونوں رہنماؤں کی غیر رسمی ملاقات کا امکان ہے۔

27 ستمبر کو وزیراعظم جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، یہ خطاب پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 8 سے رات 10 بجے کے درمیان ہو گا، اس موقع پر وہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات کریں گے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم بل گیٹس سمیت مختلف سرمایہ کاروں اور کاروباری حضرات سے بھی ملاقاتیں کریں گے، وہ ماحولیاتی تبدیلی اور نفرت انگیز تقاریر کی روک تھام کی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔

وزیراعظم کے دورہ امریکہ میں کم از کم چار مواقع پر پاک بھارت وزرائے اعظم ایک ہی جگہ پر موجود ہوں گے۔

عمران خان دورہ امریکہ کے دوران پی آئی اے کے ہوٹل روزویلٹ میں قیام پذیر ہوں گے۔


متعلقہ خبریں