’بابا گورونانک کے جنم دن پر آنے والے سکھ یاتریوں کو بہترین سہولیات فراہم کریں گے‘

وزیر اعظم اصولوں کی سیاست کرتے ہیں، وزیر داخلہ

فوٹو: فائل


ننکانہ صاحب: وفاقی وزیرداخلہ بریگیڈئیر(ر) اعجاز احمد شاہ نے ضلع بھر میں جاری ترقیاتی کاموں اور بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد نے وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کوضلع بھر میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اس موقع پر اعجاز احمد شاہ  نے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔  جاری ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ آنے والے سکھ  یاتریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ بابا گورونانک کے جنم دن پر پوری دنیا سے آنے والے سکھ  یاتریوں کو بہترین سہولیات فراہم کریں گے۔ بابا گورونانک کے 550 ویں جنم دن پر سیکیورٹی کا کوئی مسلہ نہیں ہوگا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے بابا گورونانک یونیورسٹی کی جگہ پر جاری کام کا جائزہ بھی جائزہ  لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ  وزیراعظم عمران خان اکتوبر میں بابا گورونانک یونیورسٹی کا افتتاح کریں گے۔

اعجاز احمد شاہ  کا کہنا تھا کہ  کرتار پور راہداری اپنے مقررہ وقت پر لازمی کھولیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف یا زرداری سے کوئی ڈیل نہیں ہو رہی، اعجاز شاہ

انہوں نے کہا کہ پچھلے ادوار میں ترقیاتی کاموں میں دس سے پندرہ فیصد ٹھیکیڈاروں سے کمشن لی جاتی تھی۔ میرا کوئی رشتہ دار یا جاننے والا کمیشن لے گا تو ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔ سیاستدانوں نے کرپشن کر کے عوام کے ساتھ ظلم کیا ہے۔

وزیر داخلہ  نے کہا کہ پچھلے ادوار میں پانچ پانچ لاکھ روپے لے کر نوکریاں دی گئیں۔ جنہوں نے کرپشن کی ہے ان کے کیسز نیب اور انٹی کرپشن کو بھجوائے جا رہے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ضلع بھر میں ناجائز تجاوزات کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائےگا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین چاہتے ہیں کہ وزیر اعظم کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی  میں خطاب کامیاب نہ ہو۔

اعجاز شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف پانچ سال پورے کرے  گی۔ پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران ترقیاتی کاموں سے ننکانہ صاحب کا نقشہ بدل دیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں