پنجاب: قانون سازی کیلئے موبائل ایپ اور ویب پورٹل تشکیل دینے کا فیصلہ


لاہور: پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) قانون سازی کے عمل کو تیز کرنے کے لئے موبائل ایپ اور ویب پورٹل تشکیل دے گا۔ پی آئی ٹی بی نے صوبائی وزیر کی ہدایت پر کام کا آغاز کر دیا ہے۔ 

اس بات کا انکشاف صوبائی وزیر آئی ٹی و ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز کی زیر صدارت پی آئی ٹی بی آفس میں زیر صدارت اجلاس میں ہوا۔ چیئر مین پی آئی ٹی بی اظفر منظور نے کابینہ کی کارروائی کو کمپیوٹر آئزڈ کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی۔

راجہ یاسر نے اس موقع پر کہا کہ کابینہ کی کارروائی کو کمپیوٹر آئزڈ کرنے سے انتظامی فیصلے جلد ممکن ہو سکیں گے،تمام ممبران کو کابینہ کے ایجنڈا سے متعلق آن لائن آگاہ کیا جا سکے گا،کابینہ ممبران کو کسی بھی سمری یا انتظامی فیصلے کے سٹیٹس بارے فوری معلومات حاصل ہو سکیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ابھی بہت سا وقت فائلز کو ایک محکمہ سے دوسرے محکمہ تک پہنچنے میں ضائع ہو جاتا ہے۔متعلقہ محکمے کسی بھی سمری سے متعلق اپنی آبزرویشن بھی موبائل ایپ کے ذریعے دے سکیں گے۔

صوبائی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبہ میں ترقی سے دنیا میں انقلاب برپا ہوا ہے۔ پاکستان میں آئی ٹی سے خاطر خواہ استفادہ حاصل نہیں کیا گیا۔ عوام کے بہت سے مسائل ڈیٹا کو کمپیوٹر آئزڈ کر کے حل ہو سکتے ہیں۔

راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے پی آئی ٹی بی  کو پنجاب  کے تمام سرکاری محکموں کو جدید خطوط پر استوار کر نے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: آئی ٹی کے فروغ کیلئے پی ٹی آئی حکومت نے ایک سال میں کیا کیا؟


متعلقہ خبریں