معمر خاتون سے بدتمیزی کرنے والا پولیس اہلکار نوکری سے ہاتھ دھو بیٹھا


لاہور: سنٹرل پولیس آفس کے گیٹ پر بزرگ خاتون کے ساتھ بد تمیزی کرنے والے پولیس اہلکار محمد آصف نوکری سے برخاست کر دیا گیا۔

لاہور مین آئی جی آفس کے باہر معمر خاتون سے بدتمیزی کرنے والا اہلکار بلاخر نوکری سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے محمد آصف کے غیر ذمہ دارانہ رویے کے خلاف محکمانہ انکوائری کا حکم دیا تھا۔

ڈی ایس پی سید ریاض علی شاہ نے انکوائری رپورٹ میں اہلکار محمد آصف کو سخت سزا کی سفارش کی تھی۔ایس ایس پی /بٹالین کمانڈرفاخر عدیل نے محمد آصف کو انکوائری رپورٹ کی روشنی میں نوکری سے برخاست کرنے کے احکامات جاری کیے۔

محمد آصف نے مظفر گڑھ سے آنے والی اسی سالہ بزرگ خاتون کنندن بی بی کے ساتھ بد کلامی کا مظاہرہ کیا تھا۔ اردل روم میں پیشی کے دوران بھی محمد آصف زبانی اور تحریری طور پر اپنے غیر ذمہ دارانہ رویے کے متعلق تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔

واضح رہے کہ  5ستمبر کو کندن بی بی نامی معمر خاتون نے آئی جی پنجاب سے ملنے پر اصرار کیا تو محمد آصف نے نہ صرف ان کی چھڑی چھین کر زمین پر دے ماری بلکہ  دھمکیاں بھی دیں۔

سائل کے خاتون ہونے کا لحاظ نہ ہی بڑھاپے کا کوئی احساس اکھڑ  مزاج  پولیس  اہلکار  بوڑھی اماں  سے مسلسل بدتمیزی کرنے کے ساتھ ساتھ دھمکیاں  بھی دیتا رہا۔

سوشل میڈیا پرواقعے کی وڈیو وائرل ہونے کے بعدانسپکٹر جنرل پنجاب پولیس نے آصف کو معطل کرکے قانونی کارروائی کا حکم دیاتھا۔

معمر خاتون سے بدتمیزی کرنے والے پولیس اہلکار کے خلاف اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے پر تھانہ انارکلی میں مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: معمر خاتون سے بدتمیزی کرنے والا پولیس افسر جیل منتقل


متعلقہ خبریں