خیبرپختونخوا پولیس اہلکاروں کا محکمانہ امتحان میں نقل کا انکشاف


پشاور: خیبرپختونخوا پولیس اہلکاروں کے محکمانہ ترقی کے لئے منعقدہ امتحان میں نقل کئے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس کا کہنا ہے کہ ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اور ایویلوایشن ایجنسی (ای ٹی ای اے) کے تحت منعقدہ امتحان میں سینکڑوں اہلکار نقل کرتے پکڑے گئے ہیں۔

خیبرپختونخوا پولیس کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشننگ کے مطابق تفتیشی رپورٹ کے بعد 509 اہلکاروں کو نااہل قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ پولیس اہلکار امتحان کے دوران موبائل فونز اور دیگر ممنوعہ مواد کا استعمال کرتے پائے گئے تھے۔

خیبرپختونخوا پولیس کے لئے منعقدہ محکمانہ ترقی کے امتحان میں نقل کرنے والے اہلکاروں کے اعدادوشمار - ہم نیوز ڈاٹ پی کے
خیبرپختونخوا پولیس کے لئے منعقدہ محکمانہ ترقی کے امتحان میں نقل کرنے والے اہلکاروں کے اعدادوشمار – ہم نیوز ڈاٹ پی کے

پولیس ترجمان کے مطابق ان امیدواروں کے امتحانات کی منسوخی کے علاوہ محکمانہ کارروائی بھی کی جائے گی۔

ہم نیوز کو دستیاب اعدادوشمار کے مطابق ای ٹی ای اے کے تحت 25 فروری 2018 کو منعقدہ امتحان میں صوبائی پولیس کے آٹھ ہزار 439 اہلکار شریک ہوئے تھے۔

ہزارہ ڈویژن میں منعقد کئے گئے امتحانات کے متعلق رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ای ٹی ای اے کا متعین عملہ تربیت یافتہ نہیں تھا۔

ای ٹی ای اے کے تحت منعقدہ امتحانات میں خیبرپختونخوا پولیس اہلکاروں کے نقل کرنے کی رپورٹ کا عکس - ہم نیوز
ای ٹی ای اے کے تحت منعقدہ امتحانات میں خیبرپختونخوا پولیس اہلکاروں کے نقل کرنے کی رپورٹ کا عکس – ہم نیوز

ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اور ایویلوایشن ایجنسی خیبرپختونخوا حکومت کا ادارہ ہے۔ 1998 میں قائم کئے گئے ادارے کا مقصد سرکاری ملازمین کی تعلیمی استعداد اور جائزے کے معاملات کو دیکھنا ہے۔


متعلقہ خبریں