احد چیمہ کی اربوں روپے مالیت کی جائیداد ضبط کرنے کا فیصلہ


لاہور: آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار سابق ڈی جی لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( ایل ڈی اے ) احمد چیمہ کی تمام غیر منقولہ جائیداد اور بینک اکاؤنٹس منجمند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نیب لاہور نے احمد چیمہ کی تمام تر منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کا ریکارڈ حاصل کرلیا ہے۔ ملزم کی آئندہ پیشی پر احتساب عدالت سے احد چیمہ کے تمام بینک اکاؤنٹس اور جائیداد منجمد کرنے کی استدعا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

احد چیمہ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) کے روبرو خود کواندرون ملک اربوں روپے مالیت کی 21 جائیدادوں کا مالک بتایا ہے۔

سابق ڈی جی احد چیمہ کوٹ مومن میں 20 کنال زرعی اراضی، بھیک احمد یار حافظ آباد میں 248 کنال اور گیارہ مرلے زرعی زمین کے مالک ہیں۔ لاہور کے کرباٹھ گاؤں میں دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کے تین کنال کے پلاٹ، لاہور کنٹونمنٹ میں چار کروڑ روپے سے زائد مالیت کے آٹھ کنال کے پلاٹ ہیں۔

لاہور کے موضع کرباٹھ میں ہی کروڑوں روپے مالیت کی 28 کنال 16 مرلے زرعی اراضی، موضع کرباٹھ میں ہی ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد مالیت کے تین کنال کے پلاٹ احد چیمہ کی ملکیت ہیں۔

ماڈ ل ٹاون لاہور میں دس کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 16کنال اراضی، ایل ڈی اے ایونیو ون میں ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کے پلاٹ، کوآپریٹو سوسائٹی اسلام آباد کے بلاک ای میں 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا پلاٹ احد چیمہ کی ملکیت ہے۔

ملزم کے پاس بینک الفلاح ایمپلائز ہاؤسنگ سوسائٹی بیدیاں روڈل اہور میں ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کے دو پلاٹ، سی ڈی اے اسلام آباد میں 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے فلیٹ اور ہل لیک ویو اسلام آباد میں بھی فلیٹ موجود ہے۔

ایف آئی اے ایمپلائز ہاؤسنگ اسکیم اسلام آباد میں لاکھوں روپے مالیت کے پلاٹ، فیدڑل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن (پی ایچ ایف) میں 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے پلاٹ احد چیمہ کی زیر ملکیت ہیں۔ وہ ایف آئی اے ایمپلائز ہاؤسنگ سوسائٹی اسلام آباد اور ایف جی ای ایچ ایف (G13) میں قسطوں پر لیا گیا ایک ایک پلاٹ اور فیصل ریزیڈینشیا اسلام آباد میں قسطوں پر لیئے گئے دو پلاٹس کے مالک ہیں۔

نیب پانچ مارچ کو احتساب عدالت سے  احد چیمہ کی تمام جائیداد اور بینک اکاؤنٹس منجمند کرنے کی درخواست کرے گا۔ عدالتی منظوری کے بعد احد چیمہ کے تمام بینک اکاؤنٹس اور جائیداد منجمد کردی جائے گی۔

نیب ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ احد چیمہ کے خلاف کئی ثبوت حاصل کرلیے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں