سندھ پولیس! رائو انوار کے بعد عدنان پاشا بھی چھلاوا بن گیا


کراچی: مفرور ایس ایس پی رائو انوار کے بعد شارع فیصل پر سرعام فائرنگ اور قانون کو چیلنج کرنے والا عدنان پاشا بھی سندھ پولیس کے لئے چھلاوا بن گیا۔

صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال اور آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کے واضح احکامات کے باوجود تین دن گذر جانے کے بعد بھی کراچی پولیس ملزم کی گرفتاری کے لئے محض ٹامک ٹوئیاں مار رہی ہے۔

شارع فیصل پر فائرنگ کرنے کی وڈیو بنا کر وائرل کرنے والے عدنان پاشا کے خلاف تھانہ بہادرآباد میں صرف مقدمہ درج کرنے میں کامیاب ہونے والی کراچی پولیس ملزم کے گھر،سسرال اور دفتر سمیت دیگر مقامات پر بھی چھاپے مار چکی ہے۔

وڈیو کو وائرل کرنے کے بعد گھر کو تالہ لگا کر روپوش ہونے والے عدنان پاشا نے صورتحال خراب ہوتی دیکھ کر ایک اور وڈیو بھی اپ لوڈ کی ہے جس میں وہ معذرت خواہانہ انداز اپنائے ہوئے ہے۔

رائو انوار کے کسی قریبی عزیز کوبھی تفتیش کےلئے حراست میں نہ لینے والی پولیس عدنان پاشا کے دو برادر نسبتیوں سمیت دیگر سات افراد کو بھی حراست میں لے چکی ہے مگر تاحال اسے کامیابی نہیں ملی ہے۔

رینٹ اے کار کے کاروبار سے وابستہ عدنان پاشا ابوالحسن اصفہانی روڈ پر واقع عاطف سے رینٹ پر کار بھی لے اڑا ہے جس کی وجہ سے وہ بھی سخت پریشان ہے۔


متعلقہ خبریں