چلاس: بس حادثے میں پاک فوج کے 10 جوانوں سمیت 26 افراد جاں بحق


چلاس: اسکردو سے راولپنڈی جانے والی مسافر کوچ حادثے کا شکار ہوگئی ہے جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 10 جوانوں سمیت 26 افراد جاں بحق ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق حادثہ مسافر کوچ کے پہاڑ سے ٹکرانے کے باعث پیش آیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بابوسر ٹاپ بس حادثے کے مقام پر ریسکیو آپریشن کیا اور زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ گلگت منتقل کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ حادثے جاں بحق ہونے والے 26 افراد کی میتیں بھی سی ایم ایچ گلگت منتقل کر دی گئیں۔

ہم نیوز کے مطابق مسافر کوچ دیا مر میں سرٹاپ کے قریب حادثے کا نشانہ اس وقت بنی جب ڈرائیور موڑ کاٹنے کی کوشش کررہا تھا۔ علاقے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مسافر کوچ کی رفتار تیز تھی۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ادارے کے اہلکاروں کی بڑی تعداد جائے حادثہ پر پہنچی جنہوں نے نعشوں کی منتقلی کے امور انجام دیے۔

ہم نیوز کے مطابق ڈی ایچ کیو اسپتال چلاس میں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں