حلیم عادل شیخ نے مرتضیٰ وہاب کو نااہل قرار دیدیا


کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے صدر و پارلیمانی رہنما حلیم عادل شیخ نے حکومت سندھ کے ترجمان مرتضی وہاب کو نااہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ مشیر یا وزارت نہیں رکھ سکتے۔

کراچی میں انصاف ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) پہلے اپنے گھر کو صاف کریں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ کہ مرتضیٰ وہاب نے بھی ’ہاتھ صاف‘ کیا اور وہ وزارت اور مشیر ہونے کے اہل نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ٹھٹھہ شوگر مل کیس میں ٹانگیں پھنسی ہوئی ہیں، ہم حزب اختلاف کے چہرے بے نقاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج دو خبریں بہت اہم چل رہی تھیں، ایک یہ کہ سندھ حکومت نے کتا پکڑو مہم شروع کردی ہے، کتا مار مہم سنا تھا کتا پکڑو مہم پہلی بار سن رہے ہیں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پہلے بلو ٹوپی پہن کر ڈرامہ کیا گیا تھا اب مراد علی شاہ لال ٹی شرٹ پہن کر نکل آئے ہیں، لگ رہا ہے کوئی کشمیر کے مشن پر نکلے ہیں ۔

انہوں نے سوال کیا کہ گزشتہ 10-11 سال سے کچرا اٹھانا کس کی ذمہ داری تھی؟ آپ کی کرپٹ ٹیم نے اس روشنیوں کے شہر کو کچرا کنڈی میں تبدیل کردیا۔


متعلقہ خبریں