ڈینگی نے دس ہزار افراد کو لپیٹ میں لے لیا: حکومت کانجی اسپتالوں سے رابطہ

اسلام آباد اور کراچی میں ڈینگی کے وار تیز: مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ ملک بھر میں دس ہزار ڈینگی کے مریضوں کی تعداد ریکارڈ کی جا چکی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق یہ بات وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ڈینگی مچھر کے کاٹنے سے مریضوں کی تعداد ہزاروں تک پہنچ گئی

انہوں نے سخت اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے مسئلے پر بعض جماعتیں سیاست کررہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈینگی پر سیاست نہ کی جائے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ڈینگی سے متعلق پورے ملک میں تشویش پائی جاتی ہے تاہم ان کا دعویٰ تھا کہ حکومت نے اس مرض سے نمٹنے کے لیے کئی اقدامات اٹھائے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کے اعداد و شمار بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 2363، سندھ میں 2258، خیبرپختونخوا میں 1514 اور بلوچستان میں 1752 مریضوں میں ڈینگی کا وائرس پائے جانے کی تصدیق کی گئی ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت ڈینگی کی روک تھا م کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈینگی کنٹرول اینڈ آپریشن سینٹر قائم کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے ہاٹ لائن بھی مختص کی گئی ہے۔

اسلام آباد اور پنجاب میں ڈینگی بے قابو ہوگیا، حکومتی اقدمات ناکافی

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ حکومت ڈینگی کی صورتحال پہ مکمل نگاہ رکھے ہوئے ہے اور مریضوں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر نجی اسپتالوں سے بھی رابطہ قائم کیا گیا ہے۔

ایک سوال پر معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ڈینگی کے پھیلنے کی وجوہات جاننے کی کوشش کریں گے اور اس ضمن میں تمام ممکنہ وسائل استعمال کیے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں