’پی ٹی آئی حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام ہوچکی‘


قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب شیرپاؤ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام ہوچکی ہے۔

ایک پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پن بجلی خالص منافع آئینی حصہ ہے، مسئلہ حل نہیں کیا جارہا۔

آفتاب شیرپاؤ کا کہنا تھا کہ پن بجلی پر منافع سے متعلق وزیراعظم عمران خان کا بیان صوبہ کیساتھ  ناانصافی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے مطالبہ پر حکومت نے بجلی و گیس مہنگی کی۔

آفتاب شیرپاؤ کے مطابق پی ٹی آئی حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام ہوچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ڈینگی وائرس کی روک تھام میں بھی ناکام ہوچکی ہے۔

قومی وطن پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ وزیراعظم این آر او کا نعرہ لگار ہے ہیں تاہم سمجھ نہیں آرہا کہ مانگ کون رہا ہے اور کسے دیا جارہا ہے؟

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کا مولانا فضل الرحمان کا ساتھ دینے سے ہی احتجاج پراثر ہو گا۔

انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ اسلام آباد لاک ڈاؤن میں دیگر بڑی جماعتیں بھی ان کا ساتھ دیں گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف زبان کھولنے پر سیاسی رہنماؤں کو گرفتار کیا جارہا ہے۔


متعلقہ خبریں