لگڑ بگڑ کا شکار کرنے والوں کو 3 ماہ قید اور جرمانہ

لگڑ بگڑ کا شکار کرنے والوں کو 3 ماہ قید اور جرمانہ

کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے نوشکی میں لگڑ بگڑ کا غیر قانونی شکار کرنے والے 3 ملزمان کو عدالت نے 3 ماہ قید اور 45، 45 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔

نوشکی میں چند روز قبل لگڑ بگڑ کا غیر قانونی شکار کرنے والے ملزمان کو اسسٹنٹ کمشنر نوشکی کی سربراہی میں ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ ٹیم میں تحصیلدار نوشکی عبدالغفار نوتیزئی اور ایس ڈی او جنگلی حیاتیات عطا الرحمان شامل تھے۔

گرفتار ہونے والے تینوں ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ نوشکی روزی خان کاکڑ کی عدالت میں پیش کیا گیا جنہیں عدالت نے 3 ماہ قید اور 45،45 ہزار روپے فی کس جرمانے کی سزا سنائی۔ واقعہ میں صرف ایک شخص کرم خان گرفتار ہے جبکہ دیگر دو افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جن کے وارنٹ عدالت جاری کر چکی ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل سوشل میڈیا پر لگڑ بگڑ کو پتھروں سے مارنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس پر بلوچستان ہائی کورٹ نے نوٹس لیا تھا۔

ماحولیات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کام کرنے والوں نے عدالتی فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں جانوروں کی نامناسب دیکھ بھال: دو اہم افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی

لگڑ بگڑ کا مسکن کوہ کیرتھر کے پہاڑی سلسلے میں ہے۔ لگڑ بگڑ بلوچستان اور لاہور میں پاک انڈیا سرحدی علاقوں جبکہ خیبرپختونخوا میں مردان کے نواح میں بھی رہتے ہیں۔ پاکستان وائلڈ لائف کے مطابق یہ ایک نایاب جانور ہے۔


متعلقہ خبریں