میٹرو اور اورنج لائن منصوبوں کی تفصیلات قوم کے سامنے لائی جائیں، عمران خان


اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پنجاب سے فیصل سبحان نامی کنٹریکٹر کی گمشدگی کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ میٹرو اور اورنج لائن منصوبوں کے معاہدے بھی قوم کے سامنے لائے جائیں۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ چائنا کی ایس ای سی پی (چائنا سیکورٹیز ریگولیٹرز کمیشن) نے فیصل سبحان کا انٹرویو کیا تو اس نے اپنے فرنٹ مین ہونے کا اعتراف کیا لیکن اب وہ غائب ہے ، پتہ نہیں کہاں ہے؟

انھوں نے کہا کہ فیصل سبحان نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کا ٹبر الگ الگ مال بنارہا ہے اور یہ لوگ آف شور اکائونٹس میں پیسے لیتے ہیں لیکن یہ کون سا بنانا ری پبلک کا قانون ہے کہ گواہی دینے والا غائب ہو گیا۔

شریف برادران کو کڑی نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ شہباز شریف کی پاناما لیکس اب منظر عام پر آئی ہیں، پہلے بڑے ڈان پکڑے گئے تھے اب چھوٹے ڈان پکڑے گئے۔

انھوں نے کہا کہ ملتان میٹرو تو کم قیمت میں بنی جب اس کے پیسے شریف خاندان کو گئے توآپ سوچیں اورنج ٹرین کا کتنا پیسہ گیا ہو گا؟ انھوں نے سوال کیا کہ کیا یہ ملک مافیا نے چلانا ہے؟

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ احد چیمہ پر 14 ارب روپے کا کیس ہے اور اس کے لئے بیوروکریٹس کھڑے ہو گئے۔ اس طرح پنجاب کی نوکر شاہی کا کردار بے نقاب ہو گیا ہے۔

عمران خان نے دعوی کیا کہ کیپیٹل کنسٹرکشن نامی کمپنی کے سربراہ فیصل سبحان نے ملتان میٹرو منصوبے میں کرپشن کی تحقیقات کرنے والے چینی حکام کے سامنے اعتراف کیا کہ شہباز شریف اور ان کے خاندان کے بیرون ملک اکاونٹس میں بھاری کمیشن منتقل کیا۔

پی ٹی آئی کے سربراہ نےواضح کیا کہ حکومت کی جانب سے شفافیت کے تمام تقاضے بالائے طاق رکھتے ہوئے اربوں روپے مالیت کے منصوبوں کو خفیہ تجوریوں میں چھپائے رکھنا ناقابل قبول ہے۔


متعلقہ خبریں