وزیراعظم عمران خان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات آج ہو گی


نیویارک: وزیراعظم عمران خان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات آج ہو گی جس میں مسئلہ کشمیر سمیت دیگر امور پر غور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات مین ہیٹن میں واقع ہوٹل میں پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 سے ساڑھے 9 بجے کے درمیان ہوگی۔

اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان آج  اطالوی ہم منصب، عالمی بینک کےصدر، ترکی کےصدرطیب اردوان ، اورسوئٹزرلینڈ کےصدر سے بھی ملاقات کریں گے۔

یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد  کے ساتھ  کل ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے افغان امن کی مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے حوالے سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نے افغان مسئلے کی سیاسی اور پر امن حل کے لئے زلمے خلیل زاد کی کوششوں کو سراہا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ  پاکستان کا ہمیشہ یہ موقف رہا ہے کہ افغان تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں،  پر امن ہمسائے کے ویژن پر عمل درآمد کے لئے افغانستان میں امن ضروری ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں تشدد کی حالیہ لہر کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ  خطے میں استحکام اور اقتصادی ترقی کے لئے بھی افغانستان میں امن ضروری ہے، تمام فریقین مشترکہ ذمہ داری سمجھتے ہوئے مفاہمت کی حمایت کریں۔

اس دورن  زلمے خلیل زاد نے افغان امن عمل کی حمایت پر وزیراعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ  افغانستان میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کے ساتھ کام جاری رکھیں گے ۔

 


متعلقہ خبریں