’بابر اعظم کی طرح مجھے بھی وقت دیا جاتا تو آج ٹیم کا مستقل کھلاڑی ہوتا‘

’بابر اعظم کی طرح مجھے بھی وقت دیا جاتا تو آج ٹیم کا مستقل کھلاڑی ہوتا‘

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سلامی بلے باز سمیع اسلم نے کہا ہے کہ اگر سیلکشن کمیٹی بابر اعظم کی طرح مجھے بھی وقت دیتی تو آج میں ٹیم کا ایک مستقل کھلاڑی ہوتا۔

ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ گیارہ ٹیسٹ میچز میں 9 نصف سینچریاں اور تین مرتبہ 90 پر آؤٹ ہوا ہوں اگر سنچریاں اسکور کر لیتا تو آج میں ٹیم کا حصہ ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم سے ڈراپ کئے جانے کا بے حد افسوس ہے، کاش مجھے بھی بابراعظم کی طرح مزید وقت دیا جاتا۔

قائداعظم ٹرافی سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بڑے ٹورنامنٹ کا آغاز اچھا ہونا بہت ضروری ہے، مجھے خوشی ہے کہ پہلے میچ میں ہی میں نے ڈبل سنچری اسکور کی، میری نظریں ٹورنامنٹ کا سب سے بہترین کھلاڑی بننے پر مرکوز ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے دورے سے قبل میری کوشش ہے کہ قائداعظم ٹرافی میں اچھی کارکردگی دکھا کر ٹیم کا حصہ بن سکوں۔

بلے بازی کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ میرے بارے میں یہ تاثر قائم ہو چکا ہے کہ میں سست روی سے بلے بازی کرتا ہوں جبکہ ایسا نہیں ہے۔ ون ڈے کرکٹ میں میری اوسط 50 سے اوپر اور اسڑائک ریٹ 90 کا ہے جبکہ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں بھی میری کارکردگی بہترین رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد اپنی تکنیک پر بہت کام کیا ہے جس کی وجہ سے پہلے ہی میچ میں بغیر آؤٹ ہوئے لمبی اننگز کھیلی ہے۔


متعلقہ خبریں