ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی کی امریکہ روانگی

ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی کی امریکہ روانگی

تہران: ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی امریکہ کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔ وہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں شرکت کے لیے مختلف ممالک کے سربراہان نیویارک پہنچ چکے ہیں اور متعدد پہنچ رہے ہیں۔

ٹرمپ، روحانی ملاقات:وائٹ ہاؤس نے ممکن اور صدر نے ناممکن قرار دیدیا

ایران کی خبررساں ایجنسی ’ارنا‘ کے مطابق صدر حسن روحانی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے علاوہ نیویارک میں ذرائع ابلاغ سے وابستہ ممتاز صحافیوں اور معروف عالمی اداروں کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔

ایران کے صدر امریکی پالیسی ساز اداروں سے وابستہ افراد سے بھی بات چیت کریں گے۔ سیاسی مبصرین کے نزدیک یہ بات چیت خاصی اہمیت کی حامل ہوگی۔

صدر ڈاکٹر حسن روحانی ایک ایسے موقع پر امریکہ پہنچ رہے ہیں کہ جب ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے اور خلیج میں صورتحال کو کافی کشیدہ قرار دیا جارہا ہے۔

اقوام متحدہ میں قیام امن کے لیے علاقائی تعاون کا منصوبہ پیش کریں گے، ایران

عالمی سیاسی مبصرین کے مطابق ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کی کوشش ہوگی کہ وہ اپنے نیویارک میں قیام کے دوران عالمی دنیا کو نہ صرف ایران کے درست مؤقف سے آگاہی دلا سکیں بلکہ ان تاثرات کی بھی نفی کرسکیں جو ان کے خیال میں غلط طور پر پھیلائے گئے ہیں۔

ایران کے صدر نے گزشتہ روز کہا تھا کہ وہ اقوام متحدہ میں خطے کے امن کے حوالے سے علاقائی تعاون کا منصوبہ پیش کریں گے۔


متعلقہ خبریں