عثمان بزدار کا صوبے بھر میں ڈینگی بریگیڈ فعال کرنے کا حکم

وزیر اعلیٰ پنجاب کا چنیوٹ کیلئے 10 ارب کے پیکج کا اعلان

فوٹو: فائل


لاہور:  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار  نے صوبے بھر میں انسداد ڈینگی بریگیڈ کو فعال کرنے کا حکم دے دیاہے۔ 

انہوں نے یہ حکم آج لاہور میں  انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے  بلائے گئے ہنگامی اجلاس میں دیا۔ وزیراعلیٰ نے راولپنڈی اور لاہور میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیااوراسپتالوں میں سی بی سی سمیت ڈینگی کے مریضوں کے تمام ٹیسٹ مفت کرنے کا اعلان بھی کیا۔

وزیراعلیٰ کی ڈینگی سے بچاؤ اور علاج کیلئے موثر آگاہی مہم چلانے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ واک ان انٹرویوز کے ذریعے ہنگامی بنیادوں پر ڈاکٹرز، نرسز اور ضروری سٹاف بھرتی کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ جہاں ضرورت ہو وہاں پر میل نرسز کو بھی بھرتی کیا جائے۔

انہوں نے راولپنڈی کیلئے فوری طور پر 3 موبائل ہیلتھ یونٹ بھجوانے کا حکم بھی دیا اورفلٹر کلینکس کے قیام کی بھی منظوری دینے کے علاوہ وزیراعلیٰ آفس میں انسداد ڈینگی سیل کے قیام کا فیصلہ بھی کیا ۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ صوبے کے عوام کو ڈینگی سے بچانے کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے۔صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کی انسداد ڈینگی مہم میں ڈیوٹیاں لگائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی ریڈ زون علاقوں میں انسداد ڈینگی کے اقدامات کی مانیٹرنگ کریں گے۔اسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ غیر معمولی حالات ہیں لہٰذا متعلقہ محکمے اور انتظامی افسران ہمہ وقت فیلڈ میں موجود رہیں۔ڈینگی کے مرض پر قابو پانے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ماہرین کی رائے سے فوگنگ یا سپرے بھی کیا جائے۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ فیلڈ میں عملی اقدامات نظر آنے چاہئیں، خانہ پری نہیں چلے گی۔ اسپتالوں میں مریضوں اور ان کے اہل خانہ کی رہنمائی کیلئے ڈینگی انفارمیشن کاؤنٹر ز قائم کئے جائیں۔ پرائیویٹ جنرل پریکٹشنرز کی ڈینگی کے حوالے سے تربیت کا اہتمام کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں ضروری ادویات کی کمی کسی صورت نہیں ہونی چاہیئے۔ڈسٹرکٹ و تحصیل ایمرجنسی رسپانس کمیٹیوں کو فعال اور متحرک بنایا جائے۔تحصیل ایمرجنسی رسپانس کمیٹیوں میں مقامی نمائندوں اور معززین کو شامل کیا جائے۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ سرویلنس کے کام کو انتہائی موثر انداز سے سرانجام دیا جائے۔انسداد ڈینگی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ ہوگا۔راولپنڈی اور لاہور کے ڈپٹی کمشنرز کو انسداد ڈینگی کیلئے بروقت اقدامات نہ کرنے پر تبدیل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم میں غفلت کی رتی بھر بھی گنجائش نہیں ہے۔ جہاں غفلت یا کوتاہی نظر آئی وہاں پر فوری ایکشن ہوگا۔میں خود بھی فیلڈ میں نکل کر انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ لوں گا۔ غلط رپورٹنگ کرنے والے عہدوں پر نہیں رہیں گے۔ایس او پیز پر سو فیصد عملدرآمد چاہیئے۔جو اچھا کام کرے گا اس کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد، راجہ بشارت، ہاشم جواں بخت، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز صحت، خزانہ، لوکل گورنمنٹ، اطلاعات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ حکام کی اجلاس میں شرکت کی ۔

یہ بھی پڑھیے: ڈینگی نے دس ہزار افراد کو لپیٹ میں لے لیا: حکومت کانجی اسپتالوں سے رابطہ


متعلقہ خبریں