نئے نصاب کو اپریل 2020 سے لاگو کرنے کی تجویز ہے،شفقت محمود


اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود  نے کہاہے کہ نئے نصاب کو اپریل 2020 سے لاگو کرنے کی تجویز ہے ،بچوں کو قومی زبان کیساتھ ساتھ مادری زبان میں بھی تعلیم دی جائے گی ۔ 

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے یہ بات آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قومی نصاب کونسل کی پہلی باضابطہ میٹنگ  کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں بتائی ہے۔

شفقت محمود نے کہا کہ چاہتے ہیں ملک میں یکساں تعلیمی نظام ہو ،موجودہ نظام میں ناانصافی ہے، مخصوص طبقے کیلئے بھرپور مواقع ہیں ،ہمیں ایک قوم اور ایک نظام تعلیم کی جانب بڑھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں تنظیم المدارس، نجی سکولز ، تعلیمی ماہرین بھی میٹنگ میں موجود تھے ،امید ہے اگلی میٹنگ میں سندھ کے وزیر تعلیم بھی آئیں گے کیونکہ تعلیم سیاست سے بالاتر ہے ۔

شفقت محمود نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز متفق ہیں کہ ایک قوم بننے کیلئے یکساں نصاب ضروری ہے ،نئے نصاب کے خدوخال دسمبر میں بن جائیں گے جس کے بعد اس پر مشاورت ہوگی اور 2020سے نئے نصاب کو لاگو کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم نے بتایا کہ اسلامیات کے مضمون کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے ،کمیٹی میں مدارس سمیت دیگر شعبہ جات کے نمائندے ہونگے ،کمیٹی تعین کرے گی کونسی جماعت سے اسلامیات کے کونسے اسباق پڑھائے جائیں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ بچوں کو قومی زبان کیساتھ ساتھ مادری زبان میں بھی تعلیم دی جائے گی ،اس منزل کی جانب بڑھنا ہے جہاں تمام بچوں کیلئے یکساں سرٹیفکیٹ ہو ،نصاب کے حوالے سے بعض اختیارات صوبوں کو منتقل کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

شفقت محمود نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کوشش ہے ہر کام صوبوں کیساتھ اتفاق رائے سے کریں تاکہ آئندہ حکومتیں بھی کام جاری رکھیں۔


متعلقہ خبریں