ایم کیو ایم کے دونوں گروہوں میں مشترکہ سربراہی پر اتفاق


کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے پی آئی بی اور بہادرآباد گروپوں میں ڈاکٹر فاروق ستار اور ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی مشترکہ سربراہی پر اتفاق ہو گیا۔

دونوں گروپس میں ہونے والی ابتدائی بات چیت میں اتفاق کیا گیا ہے کہ ازسر نو تنظیمی سیٹ اپ تشکیل دیا جائے گا، میڈیا میں کوئی بیان جاری نہیں ہوگا اور کوئی بھی پارٹی سربراہی کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں درخواست نہیں دے گا۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی جانب سے ڈاکٹر فاروق ستار پر واضح کردیا گیا ہے کہ رابطہ کمیٹی میں پرانے اور فعال کارکنان کو موقع دیا جائے گا اور ساتھ ہی کامران ٹیسوری کی بطور رکن رابطہ کمیٹی نامزدگی پر بھی اپنے اعتراض سے آگاہ کیا گیا ہے۔

ہم نیوز کی جانب سے رابطہ کرنے پر ثالثی کا کردار ادا کرنے والے خواجہ اظہار الحسن نے مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے پیشرفت کو حوصلہ افزا قرار دیا۔

ایم کیو ایم کے دونوں گروہوں میں اس وقت اختلافات سامنے آئے تھے جب فاروق ستار کی جانب سے کامران ٹیسوری کو سینیٹ کے لئے پارٹی ٹکٹ جاری کیا گیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں