عہد وفا کا ٹرینڈ

فائل فوٹو


اسلام آباد: مومنہ اینڈ درید پروڈکشن اور پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی مشترکہ پیشکش عہدوفا کی پہلی ہی قسط نے ناظرین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عہد وفا دو دنوں سے ٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا ہے جس میں لوگ اپنی پسندیدگی کا اظہار کر رہے ہیں۔

عہدوفا وطن سے عشق، عزم وحوصلے، ایثاروقربانی اور محبت والفت کی  داستاں  ہے جس کی پہلی قسط دیکھنے کے بعد ہی ناظرین اسے کامیاب سیریل قرار دے رہے ہیں۔

مرکزی کردار میں نظر آنے والی زارا نورعباس کی اداکاری کو بھی بے حد پذیرائی مل رہی ہے۔

ڈرامے میں احد رضامیر، عثمان خالد بٹ، وہاج علی اوراحمدعلی اکبر نے منفرد اندازمیں اپنے اپنے کردار نبھائے ہیں۔

ڈرامہ سیریل میں دوستی کے لازوال جذبے اور وطن سے محبت کو منفرد انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ ناظرین کا کہنا ہے کہ مومنہ اینڈدریدپروڈکشن اورآئی ایس پی آر کے تعاون سے بننے والی اس سیریل کا انہیں بے صبری سے انتظار تھا۔

ناظرین کا کہنا ہے کہ ڈرامہ سیریل عہد وفا بھی ماضی کے شہرہ آفاق ڈرامہ سیریل الفا براوو چارلی کی طرح ذہنوں پر انمٹ نقوش چھوڑ جائے گا۔

مذکورہ ڈرامہ  پاکستان ملٹری اکیڈمی میں زیر تربیت چار دوستوں کی کہانی ہے جو اپنے وطن کی خاطر کوئی بھی قربانی دینے کو تیار ہیں۔

ڈرامے کے لکھاری مصطفیٰ آفریدی اور ہدایتکار سیفی حسن ہیں۔ عثمان خالد بٹ، احد رضا میر، وہاج علی اور احمد علی اکبر کے علاوہ زارا نور عباس، علیزے شاہ، حاجرہ یامین اور ونیزہ احمد بھی عہد وفا میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں


متعلقہ خبریں