بابو سر ٹاپ حادثہ، جاں بحق جوانوں کی نماز جنازہ میں آرمی چیف کی شرکت


راولپنڈی: بابو سر ٹاپ پر ہونے والے اندوہناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے فوجی جوانوں کی نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، حاضر سروس و ریٹائرڈ افسران نے شرکت کی ہے۔

پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی

نماز جنازہ میں جاں بحق فوجی جوانوں کے دوست احباب اور اہل خانہ بھی شریک ہوئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسکردو سے راولپنڈی جانے والی مسافر کوچ حادثے کا شکار ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 10 جوانوں سمیت 26 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

اطلاعات کے مطابق حادثہ مسافر کوچ کے پہاڑ سے ٹکرانے کے باعث پیش آیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بابوسر ٹاپ بس حادثے کے مقام پر ریسکیو آپریشن کیا اور زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ گلگت منتقل کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ حادثے جاں بحق ہونے والے 26 افراد کی میتیں بھی سی ایم ایچ گلگت منتقل کر دی گئیں۔

ہم نیوز کے مطابق مسافر کوچ دیا مر میں سرٹاپ کے قریب حادثے کا نشانہ اس وقت بنی جب ڈرائیور موڑ کاٹنے کی کوشش کررہا تھا۔ علاقے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مسافر کوچ کی رفتار تیز تھی۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ادارے کے اہلکاروں کی بڑی تعداد جائے حادثہ پر پہنچی جنہوں نے نعشوں کی منتقلی کے امور انجام دیے۔

ہم نیوز کے مطابق ڈی ایچ کیو اسپتال چلاس میں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں