ایڈز کنٹرول پروگرام ناکام ہونے پر ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے، خرم شیر زمان

ایڈز کنٹرول پروگرام ناکام ہونے پر ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے، خرم شیر زمان

فوٹو: فائل


کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ میں ایڈز پروگرام مکمل فیل ہو گیا ہے اس کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے۔

سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسمبلی کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں صحت اور بہبود آبادی سے متعلق سوالات کیے گئے جس کے جوابات صوبائی وزیر عذرہ پیچوہو نے دیے۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ایچ آئی وی کے مرض میں بہتری آرہی ہے۔ ہم لوگوں کا ٹیسٹ کر رہے ہیں علاج موجود ہے اور اب لوگ آگاہی کے بعد علاج کرانے آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں کسی قسم کی سیاست نہیں کر رہی اور نہ ہی میں پنجاب کے اعداد و شمار یہاں بتاتی ہوں۔ ہم صرف اپنے اعداد بتاتے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن خرم شیر زمان نے کہا کہ کیا سندھ کا ایڈز کنٹرول پروگرام فیل ہو گیا ہے اور اگر فیل ہوا ہے تو اس کے ذمہ داروں کو کیا سزا ملی ہے ؟

عذرہ پیچوہو نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایچ آئی وی ایڈز بڑھنے کی وجہ بڑی آبادی کا ٹیسٹ نہیں کرانا ہے۔ جیل اور منشیات استعمال کرنے کے باعث مرض میں اضافہ ہوا تاہم یہ ہماری کامیابی ہے کہ اب لوگ ٹیسٹ کرانے آ رہے ہیں۔

خرم شیر زمان نے استفسار کیا کہ کیا ٹی وی اور اخبارات جھوٹے ہیں جو روز ایچ آئی وی سے متعلق خبریں آ رہی ہیں ؟ آپ کا شعبہ صحت ناکام ہو گیا ہے۔ ایڈز، ملیریا، ڈینگی سب پھیل رہا ہے، کیوں بیماریاں بڑھ رہی ہیں ؟

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ڈینگی اور ملیریا کے سوالات کیے جائیں جواب ملیں گے لیکن اگر صرف الزامات ہی لگائے جائیں گے تو یہ مناسب نہیں ہے۔ یہ کسی ڈاکٹر سے ہی پوچھ لیں یہ سندھ کا نہیں فیڈرل ایڈز پروگرام ہے۔ اس میں سی بی اوز کام کرتی ہیں محکمہ صحت نہیں اور سی بی اوز فیڈرل کے ساتھ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں نومبر تا جون  تک چھ انسداد پولیو مہمات کا شیڈول جاری

وزیر صحت نے کہا کہ ایم بی بی ایس نہ ہونے پر ہومیو پیتھک، طبیب اور ایل ایچ ویز کو بند کیا گیا ہے جبکہ 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی سزا عائد کی گئی ہے۔ ان شعبوں کو عطائی تصور کیا جائے گا، ہم نے 5 سو ڈاکٹرز کو خط بھی جاری کر دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کو لائسنس پی ایم ڈی سی جاری کرتا ہے اور ان کے لائسنس کی تجدید ہونے پران کے کام کو ڈی سیل کیا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں