وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی نیویارک میں اہم ملاقاتیں


نیویارک: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  نےاقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر نیویارک میں کیریبیائی ملک سینٹ ونسینٹ اینڈ گرینیڈائس کے نائب وزیر اعظم، وزیر برائے صنعت و تجارت و خارجہ امور جناب لوئیس ہلٹن َسٹراکر سے ملاقات کی ہے۔ 

ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے لئے کیریبیائی ملک سینٹ ونسینٹ اینڈ گرینیڈائس کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل ممبر کے طور پر اقوام متحدہ میں موجودگی خوش آئند ہے۔ مسئلہ کشمیر، مسئلہ فلسطین کی طرح گذشتہ کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کے ایجنڈے پر ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے کئے گئے یکطرفہ اور غیر آئینی اقدامات نے خطے کے امن و امان کو شدید خطرات سے دو چار کر دیا ہے،پانچ اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بسنے والے لاکھوں معصوم انسانوں کو بدترین کرفیو اور تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں، بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے ہندوستان پر زور دے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو کے نام پر انسانیت سوز مظالم فی الفور بند کرے ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کیریبیائی ممالک کی تنظیم کے ساتھ مل کر موسمیاتی تبدیلی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر مل کر کام کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔

دونوں وزرائے خارجہ نے کیریبیائی ممالک کے ساتھ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیے: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات


متعلقہ خبریں