عمران خان آج نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے


نیویارک : وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کے چوتھے روز کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔

شیڈول کے مطابق وزیراعظم آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس کے افتتاحی مباحثے میں شرکت کریں گے۔

اس کے علاوہ عمران خان مصر کے صدر عبدالفتح السسی،  ایتھوپیا کے صدراور نیوزی لینڈ کی وزیراعظم مس جیسنڈا آرڈرن سے بھی ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان ایس جی کے زیراہتمام ظہرانے میں بھی شرکت کریں گے جبکہ  کشمیر کے معاملے پر او آئی سی رابطہ گروپ کے سربراہان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ترکی کے صدر طیب اردگان، ایران کے صدر حسن روحانی کے علاوہ دیگر ممالک کے صدور اور وزراعظم سے ملاقاتیں کی تھیں۔

وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا تھا ’میں کشمیر پر اچھا ثالث ثابت ہو سکتا ہوں‘۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سابق امریکی صدورنے پاکستان کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا، میں عمران خان اور پاکستان پر مکمل اعتماد کرتا ہوں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ان تین دنوں میں بہت سارے ممالک کے سربراہان مجھ سے ملنا چاہتے ہیں لیکن میں عمران خان سے ملنا چاہتا تھا۔

امریکی صدر نے کہا کہ’ مودی کے ساتھ بھی میرے اچھے تعلقات ہیں، پاکستان اور بھارت ہمسایہ ملک ہیں اور مجھے یقین ہے کہ دونوں کوئی حل تلاش کر لیں گے۔

ٹرمپ نے ہوسٹن میں دیے گئے مودی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں نے گزشتہ روز بھارت کی جانب سے سخت بیان سنا وہاں 50 ہزار کا مجمع تھا اور ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان عظیم رہنما ہیں جو ان حالات میں بھی امن کی بات کر رہے ہیں، اگر میری ثالثی سے مسئلہ کشمیر حل ہوتا ہے تو میں تیار ہوں۔


متعلقہ خبریں