الیکشن کمیشن میں پارٹی کے نام سے ‘ن’ ہٹانے کے لیے درخواست دائر


اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان میں مسلم لیگ ن کے نام سے نواز شریف کا نام ہٹانے کے لیے درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

درخواستیں پاکستان عوامی تحریک اور ممتاز قانون دان مخدوم نیاز انقلابی نے دائر کیں۔

درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف پارٹی صدارت سے نا اہل قرار دیے گئے ہیں لہذا ان کے نام سے پارٹی کی رجسڑیشن نہیں رہ سکتی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ نااہل شخص کے نام پر پارٹی کی رجسٹریشن غیر قانونی ہے۔ اس لئیے مسلم لیگ ن (نواز) کے آخر سے نواز کا نام ہٹایا جائے۔

الیکشن کمیشن میں دائر کردہ درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پارٹی صدارت سے نااہلی کے بعد نواز کے نام سے پارٹی کا نام رجسٹرڈ نہیں رہنا چاہیے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نواز شریف کو پارٹی اجلاس کی صدارت سے بھی روکا جائے، کیونکہ نا اہل شخص کسی پارٹی کا رکن بن سکتا ہے نہ ہی کسی پارٹی کی قیادت کر سکتا ہے۔

21 فروری کو سپریم کورٹ نے انتخابی اصلاحات کیس 2017 میں فیصلہ سنایا تھا جس کے نتیجے میں نواز شریف مسلم لیگ (ن) کی صدارت کے لیے نااہل ہو گئے تھے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو مسلم لیگ ن کے ریکارڈ سے نوازشریف کا نام بطور صدر ہٹانے کا بھی حکم دیا تھا۔


متعلقہ خبریں