بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی کیس: ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت


ملتان: بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی کی طالبہ سے زیادتی اورویڈیو اسکینڈل کیس میں گرفتارچار ملزمان کی ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواست پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

پیر کو مقدمہ کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ملتان حافظ یوسف کی عدالت میں ہوئی۔

یونیورسٹی لیکچراراجمل مہار، تنزیل، نشاط اورعثمان خالد نے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کی تھی۔

دوران سماعت مدعی مقدمہ اور ملزمان کے وکیل کی عدالت میں کیس پربحث ہوئی۔

پولیس نے ملزمان کا ریکارڈ ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی این اے اورموبائل فونز کی فارنزک رپورٹ تاحال نہیں آئی ہے۔ لڑکی کی جانب سے یونیورسٹی کے لیکچرر سمیت چھ افراد پر زیادتی کا الزام لگایا گیا ہے۔

طالبہ کے پولیس کو دیئے گئے بیان کے مطابق اس نے ایک برس قبل وائس چانسلر کو معاملے سے تحریری طور پرآگاہ کیا تاہم کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔ ملزمان اسے ویڈیو منظرعام پر لانے کی دھمکی دے کر بار بار بلیک میل کرتے رہے۔ جس پر تنگ آ کر وہ (سینئرسپرنٹنڈنٹ پولیس) ایس ایس پی آپریشنز کے پاس گئی۔

ملزمان کے خلاف ملتان کے خواتین پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج ہے۔


متعلقہ خبریں