آرمی چیف کا فوج کو امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے کا حکم

فائل فوٹو


راولپنڈی: چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کو فوری طور پر ریسکیو آپریشن کا حکم دے دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے فوجی دستوں کو آزاد کشمیر میں سول انتظامیہ کی فوری مدد کا حکم دیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ طبی امداد اور فوج کے دستے روانہ ہو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ منگل کی دوپہر پاکستان کے اکثر علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جن کی شدت 5.8 اور گہرائی دس کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق 50 افراد زخمی ہوئے ہیں جب کہ چند عمارات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

زلزلے کی شدت سے متعدد مقامات سے سڑکیں ٹوٹنے کی اطلاعات ملی ہیں جن سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جب کہ لاہور ایئرپورٹ کو بھی تمام پروازوں کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

 این ڈی ایم اے

چیئرمین این ڈی ایم اے محمد افضل کے مطابق امدادی ٹیمیں جہلم پہنچ چکی ہیں اور میر پور کے لیے راستے میں جو زلزلے کا مرکز تھا۔

انہوں نے ابتدائی طور پر ایک بچی کی ہلاکت اور 100 سے زائد افراد زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

محکمہ صحت آزاد کشمیر

وزیرصحت آزادکشمیر نجیب نقی کے مطابق دو افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں ایک 24 سالہ لڑکا اور ایک بزرگ شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چھٹی پر گئے میڈیکل اسٹاف کو واپس بلا لیا گیا ہے امدادی ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔

نجیب نقی کا کہنا تھاککہ زخمیوں کی تعداد 40 کے قریب ہے تاہم حتمی تعداد کچھ دیر بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔

وزیرآزادکشمیر چوہدری سعید کے مطابق کچھ زخمیوں کی حالت نازک ہے اور زلزلے سے متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک اسپتال کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے لیکن کسی بڑے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ہم نیوز کے مطابق میرپور میں پلازہ گرنے سے 50 افراد ملبے تلے دب گئے ہیں۔

ایس ایس پی میر پور عرفان سلیم کے مطابق100 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے اور کچھ لوگ تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں