زلزلے سے منگلا ڈیم کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، چیئرمین این ڈی ایم اے


اسلام آباد: چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ زلزلے سے منگلا ڈیم کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ صرف منگلا سے جاتلاں جانے والے سڑک متاثر ہوئی ہے جس میں 3 پل بھی زد میں آئے ہیں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے سے 10 افراد جاں بحق اور 100 کے قریب زخمی ہوئے ہیں جبکہ  زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کام شروع کر دیا گیا ہے۔ سب سے زیادہ جہلم اور میر پور کے علاقے متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زلزلے سے منگلا ڈیم متاثر نہیں ہوا ہے صرف کچھ دیر کے لیے ٹربائین بند کی گئی تھیں۔ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی سامان روانہ کر دیا گیا ہے اور متاثرہ علاقوں میں دو سے تین روز میں بارشوں کا بھی امکان ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ پہلے ایک سے دو دن تک ہمارا فوکس ریسکیو آپریشن پر رہے گا، 200 ٹینٹ، 800 کمبل، میڈیکل سامان سمیت دیگر ضروری اشیا متاثرہ علاقوں کو روانہ کر رہے ہیں کیونکہ اگلے دو سے تین روز میں بارش کا بھی امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت کسی قسم کے والنٹیئرز اور عوامی کی امداد کی ضرورت نہیں ہے اگر ضرورت پڑی تو ہم اس کا اعلان کر دیں گے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ میں کل خود متاثرہ علاقوں کا دورہ کروں گا اور اگر ضرورت پڑی تو تمام معلومات عوام سے شیئر کروں گا۔


متعلقہ خبریں