’وزیراعظم کی زبان پھسل گئی تھی‘



اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زبان پھسل گئی تھی اور انہوں نے غلطی سے مجاہدین کو القاعدہ کہہ دیا تھا۔

ہم نیوز کے پروگرام’ندیم ملک لائیو‘ میں بات کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عمران خان نے مجاہدین کہنا تھا لیکن القاعدہ کہہ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا روس کی شکست میں پاکستان کا کردار مانتی ہے لیکن ہم ہی نہیں مانتے۔ بھارتی وزیراعظم کے پاکستان مخالف بیان پر رد عمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ٹرمپ نے اسے پسند نہیں کیا۔

اقوام متحدہ میں 16 ممالک کی حمایت حاصل نہ کر سکنے پر ردعمل دیتے ہوئے ہمایوں اخترخان کا کہنا تھا ابھی زیادہ دیر نہیں ہوئی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان بیرون ملک جاکر پاکستان کے وزیراعظم نہیں لگتے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ایران میں جاکر بھی اسی قسم کا بیان دیاتھا اور اسامہ بن لادن کے معاملے پر بھی منفی بیان دیا۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ قوم کے بیٹے ملک کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور عمران خان غیرذمہ دارانہ بیان دے رہے ہیں۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکہ کی ضرورت ہے لیکن ٹرمپ کا جھکاؤ بھارت کی طرف ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما سسی پلیجو نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر وزیراعظم کی زبان پھسل گئی تھی تو تردید آنی چاہیے تھی۔

ان کا کہنا تھا پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے، آپ کو خارجہ پالیسی مضبوط کرنا ہوگی، پاکستان نے جتنی قربانی دی عمران خان نے اس کو صحیح طریقے سے نمایاں نہیں کیا۔

افغانستان میں پاکستان کے کردار پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری جنگ نہیں تھی لیکن ہم نے اس کو سمجھداری سے لڑا۔


متعلقہ خبریں