کچرا پھینکنے والے کی نشاندہی پر ایک لاکھ روپے انعام پائیں، سعید غنی


کراچی: سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا ہے کہ شہر قائد میں کچرا پھینکنے والوں کی نشاندہی کرنے والوں کو ایک لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شہری کچرا پھینکنے والے کی ویڈیو یا تصویر ہمیں بھیجیں اور انعام پائیں۔ ملزمان کی نشاندہی کرنے والوں کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ ہمیں حیرت ہے کوئی کچرا اٹھا رہا ہے اور کوئی پھینک رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کراچی میں صفائی مہم کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں تاہم کچھ مقامات پر رات کو کچرا پھینکنے کی اطلاعات ملی ہیں اور ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے۔ شہر میں مسائل کو جان بوجھ کر پیدا کیا جا رہا ہے۔

سعید غنی نے الزام عائد کیا کہ شہر کے دعویدار ہی اس شہر کو گندا کر رہے ہیں کیونکہ کراچی کا نظام بہتر ہو جائے گا تو ان کی روزی روٹی بند ہو جائے گی۔ کراچی میں 4 لاکھ گٹر موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی واحد شہر ہے جسے وراثت کا دعویٰ کرنے والے ہی گندا کر رہے ہیں، گٹر میں بوریاں ڈالنے کا طریقہ کس کا ہے یہ سب جانتے ہیں۔ سندھ حکومت شہریوں سے اپیل کرتی ہے کہ کچرا پھینکنے والوں کو بے نقاب کریں۔

یہ بھی پڑھیں کراچی میں یومیہ کتنا کچرا پیداہوتا ہےاور ٹھکانے کیسے لگایا جاتاہے؟

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یکم اکتوبر سے شاپنگ بیگز پر پابندی عائد کر دی جائے گی اور دکانوں سے شاپنگ بیگز برآمد ہونے پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں