جناب صدر شکریہ: وزیراعظم عمران خان کا رجب طیب ایردوان سے اظہار تشکر


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مقبوضہ وادی جموں و کشمیرکا مسئلہ اٹھانے اور دیرینہ تنازعہ کے حل کی ضرورت پر زور دینے پہ ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ ایک پیغام میں کہا کہ ترک صدر نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے باوجود 80 لاکھ افراد وہاں محصور ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق صدر رجب طیب ایردوان نے گزشتہ روز اقوام متحدہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا کو عالمی سطح پر ناانصافی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے دنیا میں قوت اور اقتدار حاصل کرنے کی رسہ کشی شرو ع ہو جاتی ہے۔

نہلے پہ دہلا: عمران خان اور ٹرمپ نے ایک دوسرے کو ٹاسک سونپ دیا

انہوں نے امریکی شہر نیو یارک میں منعقدہ  اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے مستقبل کو صرف پانچ ممالک کے ہاتھوں میں نہیں دیا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی قرادادوں کے باوجود کشمیر اور کشمیر یوں کا محاصرہ جاری ہے۔

مقبوضہ وادی کشمیر کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آٹھ ملین افراد بد قسمتی سے آج بھی اپنے گھروں سے باہر نہیں نکل پا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں، پاکستانیوں اور بھارتیوں کی سلامتی کے لیے اس مسئلے کو جھڑپوں یا جنگ سے نہیں بلکہ انصاف اور سچائی کو بنیاد بناتے ہوئے مذاکرات سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔

ترک صدر نے کہا کہ ایک طرف دنیا کی خوش قسمت اقلیت روبوٹس پر بحث و مباحثہ جاری رکھےہوئے ہے تو دوسری طرف بدقسمتی سے ایک ارب سے زیادہ افراد بھوک کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔

رجب طیب ایردوان نے واضح طور پر کہا کہ دنیا کے ایک حصے کو عیش و آرام کی زندگی گزارنے اور دوسرے حصے کو بھوک و افلاس میں دھکیلنے کی کوشش کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہے۔

مسئلہ کشمیر پر ایٹمی طاقتیں آمنے سامنے ہیں، وزیراعظم

ترکی کے صدر کہا کہ دنیا کے مستقبل کو صرف پانچ ممالک کے ویٹو تک محدود نہیں کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنے اذہان اور قواعد کو تبدیل کریں۔

رجب طیب ایردوان نے کہا کہ جوہری ہتھیاروں پر سب کے لیے پابندی ہونے چاہیے اور یا پھر سب کو تیار کرنی کی اجازت ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ شام، پناہ گزینوں، نسل پرستی، غیر ملکی دشمنی، مسئلہ فلسطین اور اسلام فوبیا کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔

ترکی کے صدر نے تجویز پیش کی کہ نیوزی لینڈ میں 15 مارچ کو مسلمانوں پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کو اسلامی یکجہتی کے دن کے طور پر منایا جائے۔

ترک صدر نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر اٹھا دیا

رجب طیب ایردوان نے اپنے خطاب میں جنرل اسمبلی کے 75 ویں صدارتی امیدوار کے طور پر یورپی یونین کے امور کے سابق وزیر وولکن بوزکر کا نام بھی پیش کیا۔


متعلقہ خبریں