میرپور زلزلہ، تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان

میرپور زلزلہ، تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان

میرپور: حکومت آزاد کشمیر نے میرپور زلزلہ کے باعث آج ضلع میرپور کے تمام سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

یاد رہے گزشتہ روز آزادکشمیر اور پنجاب کے اکثر علاقوں میں آنے والے زلزلے سے 26 افراد جاں بحق اور 300 سےزائد زخمی ہو گئے تھے۔

وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر کو پیش کی گئی ابتدائی رپورٹ کے مطابق زلزلے سے جاتلاں، پل منڈی، چیچیاں اور ضلع میر پور کے متعدد علاقوں کو نقصان پہنچا ہے۔

رپورٹ کے مطابق زلزلے سےنہراپر جہلم میں دو شگاف پڑے جس کاپانی قریبی آبادیوں میں داخل ہو گیا اور جاتلاں کے قریب نہر پر قائم دو پل بھی ناکارہ ہو چکے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق زلزلے سے ایک فوجی اہلکار بھی  ہلاک ہوا ہے۔

DG ISPR

@OfficialDGISPR

COAS directs immediate rescue operation in aid of civil administration for victims of earthquake in AJK. Army troops with aviation and medical support teams dispatched.

8,218 people are talking about this

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوری ریسکیو آپریشن کا حکم دے دیا۔

انہوں نے بتایا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی دستوں کو آزاد کشمیر میں سول انتظامیہ کی فوری اعانت کا حکم دیا ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ ‏ہمارے لوگ جہلم میں پہنچ چکے ہیں جبکہ میرپور بھی پہنچ رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز جہلم اور میرپور کا علاقہ تھا، جن علاقوں میں زیادہ نقصان ہوا ہے وہ دور دراز کے علاقے نہیں ہیں۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر5.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر زیر زمین تھی۔

زلزلہ پیما مرکز نے مزید بتایا کہ زلزلے کا مرکز جہلم سے پانچ کلومیٹر شمال میں تھا۔

اسلام آباد کے علاوہ لاہور، پشاور، مری، جہلم، کالا باغ، حافظ آباد، چینیوٹ، پری پور اور دیگر علاقوں میں بھی شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

اس کے علاوہ پنڈی بھٹیاں، لالیاں، فیصل آباد، سرگودھا ، منڈی بہاءالدین، جڑانوالہ، حاصل پور، شاہپور، سلانوالی، ٹیکسلا، شرقپور شریف، عیسٰی خیل، وزیرآباد سمیت دیگر کئی علاقوں سے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔


متعلقہ خبریں