زلزلہ: میرپورآزاد کشمیر میں آفٹر شاکس، جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہوگئی

زلزلہ: میرپورآزاد کشمیر میں آفٹر شاکس، جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہوگئی

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور آزاد کشمیر سمیت دیگر شہروں میں آنے والے زلزلے کے آفٹر شاکس میرپور آزاد کشمیرمیں محسوس کیے جا رہے ہیں۔ زلزلے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 30 ہوگئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق گزشتہ روز آنے والے زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی تھی۔ زلزلے کا مرکز جہلم سے پانچ کلو میٹر شمال کی جانب تھا جب کہ گہرائی زیر زمین 10 کلو میٹر تھی۔

پاکستان میں زلزلہ: 26 افراد جاں بحق، 300 سے زائد زخمی

ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ زمین میں گہرائی کم ہونے کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں پہنچنے والےنقصانات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق میرپورآزاد کشمیر میں متعدد گھروں کو نہ صرف نقصان پہنچا ہے بلکہ کئی سڑکیں تباہ ہوگئی ہیں اور نہروں تک میں شگاف پڑنے کی اطلاعات ملی ہیں۔ سڑکوں کی تباہی کے سبب زخمیوں کی اسپتالوں کو منتقلی میں بھی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق صبح تقریباً ساڑھے نو بجے زلزلے کے آفٹر شاکس میرپورآزاد کشمیر میں محسوس کیے گئے تو لوگ گھروں اور دفاتر سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق آفٹر شاکس کی شدت 3.2 تھی۔

آزاد کشمیرانتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ اب تک زلزلے کی وجہ سے 30 افراد اپنی جانوں کی بازی ہار چکے ہیں جن میں دو خواتین اور ایک بچی بھی شامل ہے۔ زخمیوں کی تعداد 400 سے زائد بتائی جارہی ہے۔

میرپور زلزلہ، تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان

آزاد کشمیر کے شہر میرپور کے علاقے جاتلاں میں ہونے والی تباہی کے نتیجے میں سڑکوں پر بڑے بڑے گڑھے پڑ گئے ہیں اور گاڑیاں الٹ گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر میر پور آزاد کشمیر راجہ قیصر کا کہنا ہے کہ پاک فوج ، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے اور دیگر ریسکیو اداروں نے اپنا کام شروع کردیا ہے۔ زلزلے سے ہونے والے نقصانات کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ابھی تفصیلات اکھٹی کی جارہی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی ہدایات دی ہیں۔


متعلقہ خبریں