’پی ٹی آئی حکومت کا مثبت تاثر قائم کرنے میں ناکام رہے‘



اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی آٹی آئی) کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید خان کا کہنا ہے کہ ہم پی ٹی آئی حکومت کا مثبت تاثر قائم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب عمران خان بذات خود قوم سے خطاب کرتے ہیں تو عوام بات سمجھ لیتے ہیں مگر ہم اپنی بات صحیح سے نہیں پہنچا سکے۔

ہم نیوز کے مارننگ شو صبح سے آگے میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی کی بہتری کے لیے جتنے اقدامات پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کیے ہیں شاید ہی کسی اور نے کیے ہوں، احساس پروگرام اور اسی سلسلے کی ایک کڑی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی کشمیر کے حوالے سے کاوشوں پر فیصل جاوید خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیر کے لیے زبردست کوششیں کر رہا ہے، عمران خان کے دورہ امریکہ کے دوران 70 ملاقاتیں طے ہیں اور ان سب میں مرکزی موضوع گفتگو کشمیر ہے۔

’آخری سال میں عوام ہماری تعریف کریں گے‘

انہوں نے کہا کہ عمران خان 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مزید بھرپور طریقے سے کشمیر کا مقدمہ پیش کریں گے۔

میزبان اویس منگل والا اور شفا یوسفزئی سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ امریک صدر ڈونلڈ ٹرمپ مسئلہ کشمیر کے حل میں مثبت کردار ادا کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 1960 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کی قیادت پر بین الاقوامی سطح پر اتنے اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے، صدر ٹرمپ نے بھی عمران خان کی بہت تعریف کی ہے۔

فیصل جاوید خان نے کہا کہ ہیومن رائٹس انٹر پارلیمنٹری یونین کے اجلاس میں پاکستان کو زبردست سفارتی فتح اس وقت حاصل ہوئی جب پاکستان کی جانب سے کشمیر کا مقدمہ پیش کیے جانے کے بعد 40 ممالک کے نمائندوں نے ایک منٹ کے لیے کھڑے ہو کر کشمیر سے اظہار یکجہتی کیا۔

’بزدار صاحب والا معاملہ کرکٹ میں بھی ہوتا ہے‘

انہوں کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے دیا جانے والا یہ تاثر سراسر غلط ہے کہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے، پاکستان کی سفارتی کوششوں کی وجہ سے تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ اقوام متحدہ کے  50 رکن ممالک نے مشترکہ بیان دیا ہے کہ بھارت کشمیر سے کرفیو اٹھائے۔

پنجاب کے سیاسی محاذ پر ہلچل کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال پر پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا تھا کہ پنجاب میں مسائل بہت پرانے ہیں، یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اصلاحات ایک دم سے نہیں آ جاتیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ کپتان بہت بہتر جانتے ہیں کہ وہ کارکردگی دِکھا سکیں گے یا نہیں، بزدار صاحب والا معاملہ کرکٹ میں بھی ہوتا ہے، دوسروں کو پتہ نہیں ہوتا کہ کوئی کھلاڑی چلے گا یا نہیں مگر کپتان اس بارے میں بہتر جانتا ہے۔

’دکھ وہاں ہوتا ہے جہاں امید ہو‘

فیصل جاوید خان نے کہا کہ ہمیں ادراک ہے کہ عوام مہنبگائی اور دوسرے مسائل کی وجہ سے پریشان اور دکھی ہیں مگر دکھ وہاں ہوتا ہے جہاں امید ہو اور امیدیں ٹوٹنی نہیں چاہئیں۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے پرامید لہجے میں بتایا کہ حکومت کے آخری سال میں عوام ہماری تعریف کریں گے۔

بلاول بھٹو زرادری کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ان کے متعلق ایک سوال پوچھنا چاہوں گا کہ کیا بلاول ابھی لانچ ہو گئے ہیں یا نہیں؟ فیصل جاوید نے کہا کہ لوگ بلاول کی باتوں پر ہنستے ہیں ہم بھی مسکرا دیتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے سینیٹر کا کہنا تھا کہ معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے دو دو ٹکے کے اینکرز والے بیان کا علم نہیں ہے، اگر ان کی جانب سے ایسا کوئی بیان دیا گیا ہے تو اس پہ معذرت چاہتا ہوں۔

آخر میں انہوں نے گزشتہ روز آنے والے زلزلہ سے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے لیے دعا بھی کی۔


متعلقہ خبریں