لاہور کے ڈاکٹرز ایک بار پھر سڑکوں پر آگئے ، گورنرہاؤس کے سامنے دھرنا


لاہور: مسیحا ایک بار پھر سڑکوں پر آ گئے، ینگ ڈاکٹرزایسوسی ایشن ، پیرامیڈیکس اور نرسز نے ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف گورنر ہاوس کے سامنے دھرنا دے دیا۔ 

لاہور کے مختلف ٹیچنگ اسپتالوں کے ڈاکٹرز ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے حکومت مخالف نعرے بلند کرتے رہے۔ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت نرسز  نئے ہیلتھ بل کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔

مظاہرین کے مطابق حکام نے ایم ٹی آئی ایکٹ لاگو کرکے مریضوں اور اسپتال ملازمین کا استحصال کیاہے جوانہیں  کسی صورت منظور نہیں ہے۔احتجاجی دھرنے میں شریک ڈاکٹرز نے ہم نیوز سے گفتگو میں کہا کہ  وہ اس بل کو کسی صورت نہیں مانتے اس سے سارا سسٹم خراب ہو رہا ہے۔

سراپا احتجاج ڈاکٹرز سے مذاکرات کرنے کوئی حکومتی رکن تو نہ آیا مگر ن لیگی رہنما محمد زبیر ڈاکٹرز سے اظہار یکجہتی کیلئے پہنچ گئے۔  رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ  حکومت کو ہوش کے ناخن لینے کی ضرورت ہے، سب لوگ پریشان ہیں اب ڈاکٹرز بھی سڑکوں پر ہیں۔

ڈاکٹرز نے گورنر ہاؤس کے سامنے دونوں جانب روڈز کو بلاک کر دیا، مظاہرین کو گورنر ہاؤس جانے سے روکنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری بھی مال روڈ پہنچ گئی ۔

یہ بھی پڑھیے: ینگ ڈاکٹرز کا محرم کے بعد پنجاب میں احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان


متعلقہ خبریں