وفاقی حکومت نے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے منظور کرلئے


اسلام آباد:ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان کی زیر صدارت بدھ کو سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں 11 ارب روپے کی لاگت کے 5 منصوبے منظور ، جبکہ 25 ارب روپے کی لاگت کے 2 بڑے منصوبے حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیے گئے ۔

اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن ، وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کے اعلی افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں توانائی ، فزیکل پلاننگ اینڈ ہاوسنگ ، ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشنز ، صنعت و تجارت اور تعلیم کے شعبوں سے متعلق منصوبے پیش کیے گئے۔

سنٹرل ڈویپلمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں توانائی سے متعلق 2 منصوبے پیش کیے گئے بشمول 500 کے وی گریڈ سٹیشن مورو ڈسٹرکٹ نوشہرہ فیروز جس کے لیے 7147.47 ملین روپے کی لاگت مختص کی گئی ۔

اس منصوبے کا بنیادی مقصد مورو میں 500 کے وی سوئچنگ اسٹیشن کا تبادلہ ہے جو قندیارو اور نوشہرہ فیروز میں 132 کے وی گرڈ اسٹیشن سمیت سکھر الیکٹرک پاور کمپنی ریجن کی بجلی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے پیش کیا گیا۔ اس منصوبے کو اجلاس میں منظور کر لیا گیا۔

صنعت و تجارت کے شعبہ سے متعلق اجلاس میں ایکسپو سنٹر کوئٹہ کی تعمیر کے لیے 2500 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا، اس منصوبے میں کنونشن سینٹر کے ساتھ ساتھ دو نمائش ہالوں ، فرش ایریا اور تمام سہولیات کی تعمیر شامل ہے ۔ اس منصوبے کو بھی اجلاس میں منظور کر لیا گیا۔

اجلاس میں لاریچ کالونی سے لے کر گلشن راوی لاہور تک سیوریج نظام کی تعمیر کے لیے 14146.06 ملین روے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا ۔

سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ٹرانسپورٹ و مواصلات سے متعلق 2 منصوبے پیش کیے گئے ، جس میں گرین لائن بی آر ٹی ایس کراچی کو آپریشنل کرنے کے لیے 10956.16 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلا س میں منظور کر لیا گیا۔

دوسرا منصوبہ سپریٹنڈنٹ ریلوے پولیس راولپنڈی ڈویژن کے دفاتر اور خواتین کے لیے بیرکوں کی تعمیر اور ٹریننگ کے کمروں کی تزئین و آرائش کے لیے 129.309 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلا س میں منظور کر لیا گیا۔

سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلا س میں قومی نصاب کونسل کے قیام کے لیے 239.01 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلا س میں منظور کر لیا گیا ۔

یہ بھی پڑھیے: 3ارب 33کروڑ کے ترقیاتی منصوبے منظور،213ارب کے ایکنک کو بھجوا دیے گئے


متعلقہ خبریں