قصور میں مزید دو بچے لاپتہ


قصور: قصور کے تھانہ کنگن پورہ کی حدود شام کوٹ سے مزید دو بچے لاپتہ ہوگئے ہیں۔

بابا بلھے کے شہر قصور میں بچے پے در پے ہونے والے حادثات اور ان کے بعد کیے جانے والے اعلانات کے باوجود غیرمحفوظ ہیں، شہر سے مزید دو بچے لاپتہ ہو گئے ہیں۔

پولیس نے اغوا کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے ساتھ ہی بچوں کی گمشدگی کا اشتہار بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

لاپتہ ہونے والے بچوں میں چودہ سالہ عدنان اور تیرہ سالہ اسامہ شامل ہیں، دونوں نویں جماعت کے طالبعلم ہیں۔

ذرائع کے مطابق دونوں بچے گزشتہ روز صبح سات بجے گھر سے اسکول کے لیے گئے لیکن اسکول نہیں پہنچ سکے۔

اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) کا اس بابت کہنا ہے کہ بچوں کی تلاش کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

سانحہ چونیاں کی تحقیقات سے متعلق ایس ایچ او نے بتایا کہ چونیاں واقعے کے ملزم کی تلاش جاری ہے، ووٹر لسٹوں سے حاصل معلومات کے مطابق جہاں واقعات ہوئے وہاں سے 8 افراد گھروں سے غائب ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کو اپنے گھروں سے غائب 8 افراد کی تلاش ہے، ان افراد میں سے 3 افراد انتہائی مشکوک اور مطلوب ہیں۔

ذرائع ہم نیوز نے بتایا کہ پولیس نے ایک رکشہ ڈرائیور کو بھی حراست میں لے رکھا ہے، جائے وقوعہ پر پاوں کے نشانات نہیں, رکشے کے ٹائر کے نشانات پائے گئے ہیں۔ اب تک 13 سو سے زائد افراد کے ڈی این اے ٹیسٹ مکمل کر لیے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں