وزارت داخلہ کا 27 ستمبر کو یوم سیاہ منانے کا اعلان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزارت داخلہ نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے 27 ستمبر کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کر دیا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یوم سیاہ منانے کا مقصد کشمیریوں پر ہونے والے مظالم دنیا کے سامنے لانا ہے اور 27 ستمبر بروز جمعہ کو ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

وزارت داخلہ نے جمعہ کو یوم کشمیر منانے کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف وزیر اعظم عمران خان نے ہر جمعہ کو کشمیر آور کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ہر جمعہ کو مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط کے خلاف سرکاری سطح پر احتجاج کیا جاتا ہے اور ریلیاں نکالی جاتی ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے 14 اگست کو یوم آزادی کشمیریوں کے ساتھ منایا جبکہ 13 ستمبر کو بھی مظفر آباد میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کر کے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں ملک بھر میں یوم آزادی اور یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے 5 اگست کو اپنے آئین کی دفعہ 370 اور 35 اے کا خاتمہ کر دیا گیا تھا، جس کے ساتھ ہی مقبوضہ کشمیر کو حاصل خصوصی حیثیت ختم ہو گئی تھی۔


متعلقہ خبریں