خورشید شاہ کے خلاف نیب کی تفتیش کا دائرہ وسیع


سکھر: قومی احتساب بیورو(نیب) کی ٹیم نے پیپلز پارٹی رہنما سید خورشید شاہ کے خلاف تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا۔

سید خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے معاملے پر نیب کی تفتیش جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم روہڑی پہنچ گئی جہاں اس نے سید خورشید شاہ کے فرنٹ مین کی جائیدادوں کے ریکارڈ کی بھی جانچ پڑتال کی۔

نیب سکھر کی ٹیم نے روہڑی میں قائم گلف ہوٹل کی پیمائش کر کے وہاں موجود افراد کے بیانات قلمبند کیے اور روہڑی مختیار کار آفس پر بھی چھاپہ مارا۔ نیب کی ٹیم  نے گلف ہوٹل کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے دوران عملے سمیت تمام افسران کو دفاتر سے باہر جانے سے روک دیا اور موبائل فون بند کرا دیے۔

نیب کی ٹیم روہڑی مختیار کار آفس سے گلف ہوٹل سمیت کچھ ریکارڈ بھی تحویل میں لے کر اپنے ہمراہ لے گئی۔

ذرائع کے مطابق نیب سکھر کی ٹیم نے سٹی سروے آفس کا بھی اچانک دورہ کیا اور عملے کو چھٹی کے بعد بھی طلب کر لیا، مختیار کار، سٹی سروے سکھر کو بے نامی جائیدادوں کے ریکارڈ جلد فراہم کرنے کی تنبیہ بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں خورشید شاہ کا نو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے چند روز میں دیگر سرکاری دفاتر میں بھی نیب کے چھاپوں کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں