’عمران خان نے کشمیر کا مقدمہ موثر انداز میں لڑا‘


اسلام آباد: تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اب تک امریکہ میں کشمیر اور کشمیریوں کا مقدمہ بہترین انداز میں لڑا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ویوزمیکرز میں میزبان زریاب عارف سے گفتگو کرتے ہوئے عالمی امور کے ماہر ڈاکٹر رفعت حسین نے کہا کہ پاکستان نے پہلی دفعہ اس معاملے کر مسلسل اٹھانے کی کوشش کی ہے، انہوں نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عالمی ضمیر کو جگانے کی کوشش کی ہے اورعالمی برداری کو یاد دلایا ہے کہ وہ کشمیریوں کی مشکلات ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر)امجدشعیب نے کہا کہ پہلی بار کشمیر کے معاملے پر پاکستان نے عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کی ہے، انہوں نے ہر موقع پر نپی تلی بات کی ہے۔

تجزیہ کار نصراللہ ملک کا کہنا تھا کہ تقریریں سب ہی اچھی کرتے ہیں لیکن اس کے نتائج نہیں نکلتے ہیں۔ ہم معاشی طور پر کمزور ہیں اس لیے ہر معاملے میں دوسروں کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

تجزیہ کار رضا رومی کا کہنا تھا کہ وزیراعطم نے بہت توجہ سے ہر فورم پر کیس لڑا ہے جس کی وجہ سے عالمی میڈیا میں بھی بھرپور کوریج مل رہی ہے۔

سینیئر تجزیہ کار ناصربیگ چغتائی کا کہنا تھا کہ عمران خان اس حوالے سے بہت محنت کررہے ہیں لیکن سامنے ایک معتصب بینچ بیٹھا ہوا ہے اس لیے دلائل کی زیادہ اہمیت نہیں ہے۔

مریم نواز کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں نصراللہ ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست قانونی طریقہ کار کے مطابق نہیں چلتی، اس لیے یہاں ڈیل یا ڈھیل کا امکان ہروقت موجود رہتا ہے۔

امجد شعیب نے کہا کہ اس نظام میں خریدو فروخت کی گنجائش موجود ہے جہاں بدنامی بھی نہیں ہوتی اس لیے سیاستدان ڈیل یا ڈھیل کا راستہ اختیار نہیں کرتے ہیں۔

ناصربیگ چغتائی کا کہنا تھا کہ حالات بتا رہے ہیں کہ ڈیل بھی ہوگی اور ڈھیل بھی ہوگی کیونکہ دونوں جماعتیں جو جنوری کی بات کررہی ہیں اس کا مطلب ہے کہ انہیں کوئی اشارہ مل چکا ہے۔

رضا رومی کا کہنا تھا کہ ڈیل ہونا پاکستان میں انوکھی بات نہیں ہے کیونکہ اس وقت ملک کو کئی بحرانوں کا سامنا ہے اور اس کی سب کو ضرورت ہے۔


متعلقہ خبریں