زلزلہ متاثرین کو ریلیف دینے کیلئے پنجاب حکومت کے وسائل حاضر ہیں،عثمان بزدار

فوٹو: فائل


لاہور: پنجاب حکومت نے وزیر اعلی سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر میرپور کے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی اشیاء کے ٹرک بھیجنے کا فیصلہ کرلیا  ہے۔ 

وزیراعلیٰ نے صوبے میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے پی ڈی ایم اے کو امدادی اشیاء کے ٹرک آج ہی میرپور روانہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد ہمارا فرض بھی ہے اور ذمہ داری بھی۔مشکل کی اس گھڑی میں زلزلہ متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت زلزلہ متاثرین کیلئے فوڈ ہیمپرز اور خیموں پر مشتمل امدادی اشیاء بھیج رہی ہے۔میں نے گزشتہ روز میر پور جا کر ہسپتال میں زخمی افراد کی عیادت کی اور ان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر سے بھی ملاقات کی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔پنجاب حکومت زخمی افراد کے علاج معالجے میں بھی پوری معاونت کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے زخمی افراد جن کا علاج میرپور میں ممکن نہیں، انہیں پنجاب منتقل کرکے بہترین علاج معالجہ فراہم کیا جائے گا۔ زلزلہ متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے صوبائی انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ زلزلہ متاثرین کو ریلیف دینے کیلئے پنجاب حکومت کے وسائل حاضر ہیں۔

سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کی جلد بحالی کے کاموں میں مکمل ساتھ دیں گے۔مشکل کی گھڑی میں اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

یہ بھی پڑھیے: زلزلہ متاثرین کے لئے خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے امدادی سامان روانہ


متعلقہ خبریں