حمزہ شہباز کو نوازشریف سے ملاقات کی اجازت نہ ملی

حمزہ شہباز کو نوازشریف سے ملاقات کی اجازت نہ ملی

لاہور: قائدِ حزبِ اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی اجازت نہ ملی۔

ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز نے جیل حکام سے زبانی اجازت مانگی تھی جس پرکوٹ لکھپت جیل کے سپریٹنڈنٹ نے انہیں تحریری درخواست جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ  تحریری درخواست اجازت کیلیے محکمہ داخلہ کو بھجوا دی جائے گی جو فیصلہ کرے گا اس کے مطابق عملدرآمد کیا جائے گا۔

واضح رہے نواز شریف اور حمزہ شہباز دونوں کوٹ لکھپت جیل کے اسیر ہیں۔

یاد رہے دو ہفتے قبل پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے جیل میں ملاقات کی تھی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی طرف سے اعلان کردہ دھرنے میں شرکت سمیت دیگر سیاسی امور پر مشاورت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق نوازشریف نے شہبازشریف کو مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں شرکت سے متعلق فیصلہ پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کی تجویز پر نوازشریف سے مشاورت کی۔

یہ بھی پڑھیں: شاہد خاقان عباسی کا نواز شریف کو کوئی خط نہیں پہنچایا گیا،خواجہ آصف

نوازشریف نے دھرنے کے معاملے پر جلد بازی میں فیصلہ نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم موڑ پر پارٹی رہنماؤں کو اعتماد میں لیا جائے۔

ذرائع کے مطابق ڈیل کی افواہوں پر نواز شریف نے کہا کہ انہوں نے اس وقت ڈیل نہ کی جب ان کی اہلیہ بستر مرگ پر تھیں،اب کیسے کرسکتے ہیں؟

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ وہ اپنے ووٹ کو عزت دو کے بیانیے میں سُرخرو ہوں گے۔


متعلقہ خبریں