چونیاں واقعہ میں ملوث فرار مشتبہ شخص گرفتار


لاہور: چونیاں سے تعلق رکھنے والے بچے فیضان کے قتل کے بعد سے فرار مشتبہ شخص کو رحیم یار خان سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

چونیاں واقعہ میں پولیس کو بڑی کامیابی مل گئی ہے، پولیس نے فرار ملزم سجاد احمد کو تھانہ کوٹ سمابہ کے علاقہ میں کارروائی کے بعد حراست میں لے لیا ہے۔

ذرائع ہم نیوز کے مطابق ملزم سجاد مقتول فیضان کے قتل کے بعد پولیس کارروائیوں سے بچنے کے لیے فرار ہوا، مبینہ ملزم سجاد احمد کو پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ قصور منتقل کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب عارف نواز کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ مبینہ مرکزی ملزم سجاد احمد کا فوری طور پر ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جا رہا ہے، ڈی این اے رپورٹ کے بعد ہی کچھ حتمی طور پر کہا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل چونیاں میں بچوں کے اغوا کے بعد قتل کے واقعات کی تحقیقات میں پیشرفت ہوئی تھیجس کے مطابق علاقہ سے تین نہیں بلکہ چار بچے اغوا کے بعد قتل کیے گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق یکم جون کو اغوا کے بعد قتل ہونے والے عمران کی شناخت بھی ہو گئی تھی۔ عمران کے کپڑے جائے وقوعہ سے آدھا کلو میٹر کے فاصلے سے ملے ہیں۔

کپڑوں کی شناخت عمران کے درزی نے کی ہے کیونکہ کپڑوں پر درزی کی دکان کا ٹیگ لگا ہوا تھا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل قصور کی تحصیل چونیاں سے تین بچوں کی مسخ شدہ لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔ ایک بچے کی شناخت کر لی گئی تھی جب کہ دو بچوں کی باقیات ناقابل شناخت تھیں۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچوں کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں